اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال، جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج، آئندہ عام انتخابات اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سپیکر آزادکشمیر کیساتھ تلخ کلامی، چوہدری مقبول گجر کی اسمبلی رکنیت معطل
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر ترقی منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، خواجہ سعد رفیق اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی شریک تھیں۔
مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت نے وزیراعظم کو 27 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی تیاریوں اور انتخابی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
ملاقات میں راولاکوٹ میں جاری جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے دھرنے اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر اسمبلی اجلاس،وزیرقانون میاں عبدالوحید اور سردار عبدالقیوم نیازی کے درمیان تلخ کلامی
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات مقررہ آئینی شیڈول کے مطابق منعقد ہونے چاہئیں اور انہیں مؤخر کرنے یا ملتوی کرنے کی آئین میں کوئی گنجائش موجود نہیں۔
قیادت نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) آئین اور قانون سے ہٹ کر کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔.




