امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور امن معاہدے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی معیار کے برینٹ کروڈ کی قیمت میں 3.8 فیصد کمی دیکھی گئی جس کے بعد یہ 84.02 ڈالر فی بیرل تک آ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب، امریکا ایران میں امن معاہدہ طے پا گیا، وزیراعظم
اسی طرح امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 4.1 فیصد کم ہو کر 81.40 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں نے جنگی خدشات میں کمی کے بعد تیل کی خریداری میں محتاط رویہ اختیار کیا جس کے باعث قیمتوں پر دباؤ بڑھا۔
پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ معاہدے پر باضابطہ دستخط کی تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی، جہاں دونوں ممالک کے نمائندے حتمی دستاویز پر دستخط کریں گے۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اہم سفارتی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا معاہدہ’’ فیلڈ مارشل رئیل پیس میکر‘‘ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی امن اور معاشی استحکام کے لیے بھی مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ تیل کی ترسیل دوبارہ بحال ہونے جا رہی ہے اور عالمی منڈیوں کو جلد مزید مثبت اشارے ملیں گے۔




