جنیوا: کے پی آر آئی کا مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار

جنیوا(کشمیر ڈیجیٹل)اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 63ویں اجلاس کے دوران ایجنڈا آئٹم 3 کے تحت جنرل ڈیبیٹ سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (کے پی آر آئی ) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، آبادیاتی و ثقافتی تبدیلیوں اور بنیادی آزادیوں پر عائد پابندیوں سے متعلق شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر سجاد خان نے کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن پالیسیوں کو “ترقی” کے نام پر پیش کیا جاتا ہے، انہیں لوگوں کو ان کی زمینوں اور املاک سے محروم کرنے، آبادیاتی تبدیلی لانے یا کشمیری عوام کی شناخت، ثقافت اور ورثے کو متاثر کرنے کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔

انہوں نے زمینوں سے بے دخلی، گھروں اور املاک کی مسماری، شہری اور سیاسی آزادیوں پر پابندیوں، من مانی گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں، تشدد اور طاقت کے ضرورت سے زیادہ استعمال سے متعلق خدشات کو اجاگر کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:تقسیم ہند کا ایجنڈا اور مسئلہ کشمیر کی تقریب رونمائی،کشمیری عوام کی قربانیوں سے تحریک آزادی زندہ،وزیراعظم

انہوں نے زور دیا کہ ایسی خلاف ورزیوں کے الزامات کی آزادانہ اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں اور جہاں خلاف ورزیاں ثابت ہوں وہاں مؤثر احتساب کو یقینی بنایا جائے۔

ڈاکٹر سجاد خان نے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مقامات کی تباہی یا تبدیلی سے متعلق خدشات کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی اور کہا کہ ثقافتی ورثے اور عوام کی اجتماعی یادداشت کے تحفظ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی کے نام پر کیے جانے والے اقدامات بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیارات کے مطابق ہونے چاہئیں اور انسانی وقار، قانونی طریقۂ کار اور بنیادی آزادیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ جنسی تشدد اور دیگر سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات، متاثرین کا تحفظ اور ذمہ داران کا مؤثر احتساب ضروری ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بیوروکریسی میں اُکھاڑ پچھاڑ، نئے سیکشن افسران مختلف محکموں میں تعینات

کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی آزادانہ نگرانی کو مضبوط بنایا جائے۔

شہری آزادیوں اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں کیلئے دستیاب گنجائش کا تحفظ کیا جائے، شہریوں کے حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے اور ثابت شدہ خلاف ورزیوں کیلئے مؤثر احتساب کو فروغ دیا جائے۔

ڈاکٹر سجاد خان نے کہا، “انسانی وقار، انصاف اور بنیادی حقوق کے احترام کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں۔