تقسیم ہند کا ایجنڈا اور مسئلہ کشمیر کی تقریب رونمائی،کشمیری عوام کی قربانیوں سے تحریک آزادی زندہ،وزیراعظم

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ کشمیری عوام کے جذبے، حوصلے اور قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔

اپنا مؤقف پیش کرنے کا بہترین طریقہ دلیل، تحقیق اور ٹھوس شواہد کے ساتھ اپنا مقدمہ سامنے رکھنا ہے، اختلافِ رائے ایک مثبت اور باشعور معاشرے کی علامت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے اندر ایسا جذبہ اور جنون پیدا کرنا ہوگا کہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب بسنے والے کشمیری بھی ہمارے جذبات کو محسوس کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سینئر صحافی شہزاد احمد راٹھور کی کتاب تقسیم ہند کا ایجنڈا اور مسئلہ کشمیر کی رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی اے ای اے کانفرنس،ڈاکٹر راجہ علی رضا انور کا جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کی حمایت کا اعادہ

وزیراعظم افتخار گیلانی، سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، ڈاکٹر نذیر گیلانی، نیشنل پریس کلب کے فنانس سیکرٹری عابد عباسی اور سینئر صحافی سید خالد گردیزی ودیگر نے کتاب کی رونمائی کی۔

تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس کتاب میں مصنف شہزاد راٹھور نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مختلف لوگوں کے نظریات کو یکجا کرکے 1947 سے اب تک کے حالات اور واقعات کو کتاب میں موضوع بنایا ہے۔

وزیر اعظم نے کتاب کے مصنف شہزاد راٹھور کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کتاب میں اپنا موقف پیش کر کے اس پر قائم رہنے کی کوشش کی ہے، جو اپنا مقدمہ رکھنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی جنگیں اور معرکے جذبات، حوصلے اور جنون سے جیتے گئے ہیں۔ معرکۂ حق میں اللہ رب العزت کی مدد کے ساتھ جذبات، حوصلے اور جنون نے فتح دلائی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:زعفران کی کاشت:یونین کونسل کالامولا میں دو روزہ ورکشاپ اختتام پذیر

وزیراعظم نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب کشمیریوں میں آزادی کے لیے جذبہ اور جنون موجود ہے جس نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی ایسا جذبہ اور جنون پیدا کرنا ہوگا کہ ایل او سی کے دوسری جانب کے لوگ ہمارے جذبات کو محسوس کر سکیں۔

قبل ازیں نیشنل پریس آمد پر وزیراعظم آزادکشمیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس بھی شریک ہوئے۔

تقریب سے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان، ڈاکٹر نذیر گیلانی، سابق سیکرٹری اکرم سہیل،سابق اٹارنی جنرل راجہ نیاز راٹھور، عامر محبوب، شکیل راٹھور، یوسف نسیم، عابد عباسی، صاحبزادہ ذوالفقار علی، چوہدری جاوید، خالد گردیزی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔