اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے 27 جولائی کو ہونیوالے انتخابات میں تاخیر سے متعلق بے بنیاد افواہوں کو مسترد کر دیا۔
الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے اتوار کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خطے میں عام انتخابات 27 جولائی کو شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کوشش ہے آزاد کشمیر میں الیکشن ملتوی نہ ہوں : فیصل ممتاز راٹھور
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ پولنگ کا شیڈول آئینی تقاضوں اور آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کی آئینی مدت کے مطابق 5 جون کو جاری کیا گیا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں، ترجمان کے مطابق شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا بروقت انعقاد کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
ادھر پارلیمانی امور کے وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے کوئی مشاورت نہیں کی۔
نجی ٹی وی بات کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ انتخابی شیڈول کسی کی خواہش پر جاری نہیں کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ انتخابات 4 اگست سے پہلے ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا موجودہ آزاد جموں و کشمیر اسمبلی نے 3 اگست کو حلف اٹھایا تھا، 27 جولائی کو خطے میں پولنگ کا دن ہونا تھاتاہم انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ چاہتی ہے کہ انتخابات بلا تاخیر وقت پر ہوں، انہوں نے انتخابات کو خطے میں موجودہ مسائل کا حل قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:عام انتخابات، ریٹرننگ افسر میرپور کا فول پروف سکیورٹی کیلئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو خط لکھنے کا فیصلہ
طارق فضل نے کہا کہ میرپور اور مظفرآباد ڈویژن میں صورتحال معمول پر ہے، جب کہ کشیدگی بنیادی طور پر راولاکوٹ تک محدود ہے۔
چوہدری طارق فضل نے راولاکوٹ میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور مظاہرین پر زور دیا کہ وہ دھرنے اور مظاہرے ختم کریں۔




