فیصل راٹھور

کوشش ہے آزاد کشمیر میں الیکشن ملتوی نہ ہوں : فیصل ممتاز راٹھور

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ایک نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں آئندہ انتخابات کو ملتوی کرانے کیلئے پسِ پردہ کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ تاہم ان کی حکومت کی یہ بھرپوراوراولین کوشش ہے کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود انتخابی عمل کو ہر صورت اپنے مقررہ وقت پر ہی مکمل کیا جائے ۔

انہوں نے دورانِ گفتگو افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر کی جانب سے آزاد کشمیر میں خوف و ہراس پھیلانے اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

ان کا بنیادی مقصد انتخابی ماحول کو خراب کرنا اور جمہوری عمل پر اثر انداز ہونا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف عام ووٹرز اور عوام کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے بلکہ انہیں خود بھی مختلف نامعلوم نمبروں سے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہو رہی ہیں جو کہ انتہائی تشویشناک ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حالات مزید خراب ہوئے تو ایمرجنسی لگ سکتی ہے،وزیراعظم فیصل راٹھور

وزیراعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کو روکنے یا اس میں رکاوٹیں ڈالنے کی ایسی تمام سازشیں جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ دباؤ کے باوجود حکومت خطے میں پرامن، شفاف، غیر جانبدارانہ اور بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے ۔

حکومت کسی بھی شرپسند عنصر کو عوام کے حقِ رائے دہی پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دے گی اور شہریوں کے ووٹ کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا ۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ ریاستی اور سیکیورٹی ادارے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہبازشریف کی اہم ملاقات،وزیراعظم فیصل راٹھور بھی شامل

آزاد جموں و کشمیر جیسے جغرافیائی اور سیاسی لحاظ سے حساس خطے میں انتخابی ماحول کے دوران کشیدگی، دباؤ اور دھمکیوں کے یہ واقعات جمہوریت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتے ہیں۔ تاہم، ان نامساعد حالات میں بھی حکومت کی جانب سے انتخابات کو وقت پر کرانے کا مضبوط عزم اور اداروں کی مستعدی ایک مثبت پیشرفت ہے، جس سے عوام کا جمہوری نظام پر اعتماد بحال رکھنے میں مدد ملے گی ۔