وادی نیلم، ملین سمائلز فاؤنڈیشن کی پاک فوج کے تعاون سے 165دیہات میں قربانی

نیلم ویلی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملین سمائلز فاؤنڈیشن کی جانب سے بڑے پیمانے پر وقفِ قربانی کا اہتمام کیا گیا جہاں 64 مختلف گاؤں اور دیہات میں 165 سے زائد جانور قربان کیے گئے۔

قربانی کا گوشت ہزاروں مستحق خاندانوں تک پہنچایا گیا جبکہ لائن آف کنٹرول کے دور دراز علاقوں میں بھی امدادی سرگرمیاں جاری رہیں۔

یہ بھی پڑھیں:قربانی کا بیل ایل او سی کراس کر گیا، رات گزار کر واپسی

ملین سمائلز فاؤنڈیشن نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع نیلم ویلی آزاد کشمیر میں فلاحی سرگرمیوں کی نئی مثال قائم کر دی۔

فاؤنڈیشن نے مختلف مخیر حضرات اور ڈونرز کے تعاون سے 64 مختلف دیہات اور گاؤں میں 165 سے زائد جانور قربان کیے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

قربانی کے جانور مقامی افراد سے خریدے گئے جس سے مقامی معیشت کو بھی سہارا ملا، جبکہ قربانی کا گوشت تقریباً 11 ہزار 500 مستحق، نادار اور سفید پوش خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔

نیلم ویلی کے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ دور افتادہ علاقوں میں رضاکاروں نے گھر گھر جا کر گوشت کی فراہمی یقینی بنائی، جبکہ افواج پاکستان نے بھی اس قربانی پراجیکٹ کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مقامی شہریوں، سماجی شخصیات اور عمائدین علاقہ نے ملین سمائلز فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ فلاحی اور سماجی ترقی کے منصوبوں میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلادیشی حکومت نے ڈونلڈ ٹرمپ نامی بھینسے کی قربانی رکوا دی

فاؤنڈیشن انتظامیہ کے مطابق مستحق خاندانوں تک امداد کی شفاف اور بروقت فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے، جبکہ مستقبل میں بھی عوامی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

نیلم ویلی کے پسماندہ اور دشوار گزار علاقوں میں اجتماعی قربانی اور امدادی سرگرمیوں کو عوام نے انسان دوستی کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔