بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے لاہور میں عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت ملنے کی تصدیق کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے جمعے کو بتایا کہ انہیں لاہور میں 27 نومبر کو منعقد ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔
بھارتی پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بھگونت مان نے کہا کہ کانفرنس کے منتظمین نے انہیں لاہور آنے کی دعوت دی ہے اور ان کی میزبانی کی پیشکش بھی کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے مخصوص مزاحیہ اور طنزیہ انداز میں بیرونِ ملک دوروں کے لیے درکار پابندیوں اور اجازت ناموں کا ذکر بھی کیا۔
27 نومبر کو لاہور میں ورلڈ پنجابی کانفرس ہو رہی ہے مجھے بھی دعوت دی گئی ہے میں نے کہا مجھے فرانس اور جاپان نہیں جانے دیتے پاکستان کہاں جانے دیں گے ہمارے شاعر اور باقی لوگ لاہور جائیں گے میں بھی جانا چاہتا ہوں . انڈین پنجاب کا وزیراعلیٰ
اگر آپ کو اجازت ملے تو ہمیں بھی ساتھ لے جائیں. اسپیکر انڈین پنجاب اسمبلی
ہمیں بھی لیکر جانا..ارکان اسمبلی 😅— Muzamil (@muzamil_45) October 23, 2026
وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کہا کہ عالمی پنجابی کانفرنس 27 نومبر کو لاہور میں ہو رہی ہے۔ منتظمین نے مجھے دعوت دی اور کہا کہ وہ میری میزبانی کریں گے لیکن میں نے کہا کہ بھارتی حکومت مجھے فرانس اور جاپان جیسے ممالک جانے کی اجازت نہیں دیتی تو وہ مجھے پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟
بھگونت مان نے کہا کہ ہمارا کلچر ایک ہے، ہمارے شاعر اور باقی لوگ لاہور جائیں گے میں بھی جانا چاہتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: بھارتی ظالمانہ قبضے کے خلاف آزاد کشمیر میں ‘بھارتی قبضہ ختم کرو’ مہم کا باقاعدہ اعلان
اس موقع پر بھارتی پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ارکان اسمبلی نے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو اجازت ملے تو ہمیں بھی ساتھ لے جائیںجس پر وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہم سب کرتار پور جائیں۔




