مظفرآباد:وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی نےکہا ہے کہ 24 اکتوبر ہمارے اسلاف کی قربانیوں، جدوجہد اور تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے ان کی لازوال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے 79ویں یومِ تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کی بنیاد تحریکِ آزادی کشمیر ہے اور یہ دن کشمیری عوام کی جدوجہد، عزم اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن یاد کرتا ہے کہ یہ حکومت مسئلہ کشمیر کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے بنی ہے ، انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پوری ریاست جموں وکشمیر پاکستان کا حصہ ہوگی
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی جبر و استبداد کے ماحول میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیرحکومت کا 79واں یوم تاسیس،تقریبات کا شاندار آغاز
افتخار گیلانی نے کہا کہ مملکت خدادادپاکستان کے تعاون سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا تاکہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو عالمی برادری کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا جا سکے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی قربانیوں کو کبھی بھولیں ہیں نہ بھول سکتے ہیں، میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ آزادکشمیر حکومت مسئلہ کشمیر حل کیلئے ہروہ کوشش کریگی جو اس کے بس میں ہو۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔




