مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل )الیکشن کمیشن نے معزز عدالت العالیہ کے فیصلہ بعنوانی وحید اشرف بنام الیکشن کمیشن وغیره مصدره 05.10.2023 اور آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ ورولز 2020کے متعلقہ قوانین کی روشنی میں تین جماعتوں کو رجسٹرڈ کرلیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق قومی اتحاد پارٹی آزاد جموں و کشمیر، پاکستان پیپلز پارٹی(شہید بھٹو) آزاد جموں وکشمیر اور جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کی جانب سے رجسٹریشن کے لیے پیش کردہ دستاویزات کا مکمل جائزہ لینے کے بعدبطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ کر لیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سہیل آفریدی کی کرسی خطرے میں،وفاقی آئینی عدالت میں علی امین گنڈا پور کی بحالی کی درخواست دائر
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ایکشن پلان کے مطابق سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کیلئے 30 مئی 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم مزید سیاسی جماعتوں کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے رجسٹریشن کا موقع فراہم کرنے کے پیش نظر اس مدت میں 10 ایام کی توسیع کر دی گئی ہے۔
اب سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کا عمل 10 جون 2026 تک جاری رہے گا۔وہ تمام سیاسی جماعتیں جو آزاد جموں وکشمیر الیکشنز ایکٹ 2020کے تحت مقررہ شرائط اور قانونی معیار پر پورا اترتی ہیں اپنی درخواستیں مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ 10جون 2026تک آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن میں جمع کرواسکتی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:برنالہ:پی ٹی آئی رہنماچوہدری عدالت حملے میں جاں بحق، خاتون راہگیر زخمی
یہ امر بھی وضاحت کے ساتھ بیان کیا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا پر جاری یہ خبریں کہ الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر نے 33 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی ہے بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کسی بھی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن منسوخ نہیں کی بلکہ سیاسی جماعتوں کی سابقہ رجسٹریشن معزز عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر کے فیصلہ کی روشنی میں ختم ہوئی تھی جبکہ رجسٹریشن کا موجود عمل تا حال مطابق فیصلہ معزز عدالت العالیہ والیکشنز ایکٹ 2020 جاری ہے۔
الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل کے انعقاد کے لئے تمام قانونی تقاضے بروقت مکمل کرنے اور انتخابی نظام کو مزید مضبوط و موثر بنانے کے لئے پر عزم ہے۔




