کارکردگی کا دفاع ممکن نہ ہو تو میڈیا پرحملے شروع ہوجاتے ہیں،عطا تارڑ کا سہیل آفریدی کی دھمکی پر ردعمل

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی وزیر عطا تارڑ نے ایکس پروزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی صحافیوں کو قانونی کارروائی کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ جب کارکردگی کا دفاع ممکن نہ رہے تو میڈیا پر حملے شروع ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کیوں بڑھ رہی ہے، ترقیاتی منصوبے کیوں رکے ہوئے ہیں، سرمایہ کاری کیوں نہیں آ رہی اور نوجوان روزگار کے لیے کیوں پریشان ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن: مزید تین سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ، رجسٹریشن تاریخ میں توسیع

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کابینہ اجلاس کی آڈیو منظر عام پر آئی جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے سرکاری افسران کو حکومت پر تنقید کرنیوالے میڈیا ہاوسز کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

سہیل آفریدی نے تمام صوبائی سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ کرپشن سے متعلق رپورٹنگ کرنے والے میڈیا ہاوسز کو تین دن کے اندر لیگل نوٹسز بھیجے جائیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون مارکیٹ میں آنے سے قبل توجہ کا مرکز بن گیا

آڈیو میں سہیل آفریدی نے مزید کہا ہے کہ جو سرکاری افسر میڈیا ہاؤسز کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کرے گا، اس کے خلاف چوتھے روز کارروائی کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا میں آزاد صحافت کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی جارہی ہے اور سہیل آفریدی نے سرکاری افسران کو تین دن میں میڈیا ہاؤسز کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت دی ہے۔