ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے امدادی سامان غزہ لے کر جانے والے فلوٹیلا پر سوار سعد ایدھی کو گرفتار کر لیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے پیر کو قبرص کے ساحل کے قریب ان کشتیوں کو روک لیا جو غزہ تک امداد پہنچانے کی کوشش کرنے والے بین الاقوامی امدادی بحری بیڑے کا حصہ تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:گلوبل صمود فلوٹیلا سے غزہ کا سفر : وزیراطلاعات پیر مظہر سعید شاہ کے ہوشرباء انکشافات
’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ نامی تنظیم کے مطابق 50 سے زائد کشتیاں گذشتہ ہفتے ترکی کے شہر مارمارس کی بندرگاہ سے غزہ کی جانب روانہ ہوئی تھیں۔ تنظیم نے اسے غزہ تک پہنچنے کی مہم کا آخری مرحلہ قرار دیا تھا۔
فیصل ایدھی نے کہا ’آج مورخہ 18 مئی 2026 کو پاکستانی وقت دوپہر 1 بجے کے قریب اسرائیلی فورسز نے انٹرنیشنل فلوٹیلا کو، جس میں سعد ایدھی بھی موجود تھے، غزہ کی طرف جاتے ہوئے سائپرس کے قریب روک کر گرفتار کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے پاکستانی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اپنے ایک شہری ’جو غزہ کے جنگ زدہ متاثرین کی مدد کے لیے جا رہا تھا، ان کے لیے کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات لے کر جا رہا تھا، تقریباً پانچ سو کے قریب دیگر ممالک کے افراد بھی ان کے ساتھ شامل تھے، ان سب کو اسرائیلی فورسز نے گرفتار کیا ہے۔
ہمیں ابھی بالکل نہیں پتا کہ انہیں کہاں لے جایا گیا ہے، ان کے موبائل فون وغیرہ سب چھین لیے گئے ہیں اور ان کے ساتھ کیا سلوک کیا جا رہا ہے یہ بھی معلوم نہیں۔
تنظیم کی لائیو نشریات میں دیکھا گیا کہ اسرائیلی فوجیوں کی کشتی قریب آنے پر کارکنوں نے لائف جیکٹس پہن لیں اور ہاتھ بلند کر دیے۔ بعد ازاں اسرائیلی اہلکاروں نے جہاز پر چڑھائی کی جس کے فوراً بعد لائیو نشریات بند ہو گئیں۔
تنظیم کے مطابق ابتدائی تین گھنٹوں میں کم از کم 17 کشتیوں کو روک لیا گیا۔
ادھر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے امدادی مشن کے دوران سعد ایدھی کی اسرائیل میں گرفتاری پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے رضاکاروں کو روکنا عالمی انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر سندھ نے کہا کہ سعد ایدھی اور ان کے ساتھی مظلوم فلسطینی عوام کے لیے خوراک، ادویات اور دیگر امدادی سامان لے کر جا رہے تھے ایسے فلاحی کارکنوں کی گرفتاری انسان دوستی کے جذبے کو دبانے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور امدادی کارکنوں کی محفوظ رہائی یقینی بنائی جائے تاکہ انسانی امداد کی سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رہ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:ٹوائلٹ کا پانی پینا پڑا، اسرائیل سے رہا ہونیوالی صمود فلوٹیلا کی بہنوں نے داستان سنا دی
سید محمد نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم انسانیت کی خدمت کرنے والے ہر فرد کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ فلسطینی عوام کی مدد کے لیے اٹھنے والی ہر آواز دراصل انسانیت کی آواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن اور ایدھی خاندان نے ہمیشہ مذہب، رنگ اور نسل سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کی مثال قائم کی ہے۔
ان کے بقول انسانیت کی خدمت کا سفر رکاوٹوں سے نہیں رکتا بلکہ ایسے حالات اس جذبے کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔




