چیئرمین ضلع کونسل باغ کے ضمنی انتخاب میں اپ سیٹ، پیپلزپارٹی کا امیدوار کامیاب

چیئرمین ضلع کونسل ضمنی انتخاب میں اپ سیٹ دیکھنے میں آیا جہاں پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار طارق مسعود ایڈووکیٹ16ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ(ن) کے جاوید خلیل عباسی15ووٹ لے سکے ہیں، آزادامیدوارنعیم طارق نے3ووٹ لئے۔

یاد رہے کہ چیئرمین ضلع کونسل باغ سردار آصف خان کے مستعفی ہونے کے بعد ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا گیا تھا، ضمنی انتخاب روکنے کیلئے معاملہ ہائیکورٹ میں بھی گیا تھا لیکن ہائیکورٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے شیڈول بحال کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین ضلع کونسل باغ:جاوید خلیل عباسی ن لیگ، سردار طارق مسعود پیپلزپارٹی کےامیدوار نامزد

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاوید خلیل عباسی کو امیدوار نامزدکیا گیا تھا جبکہ سردار طارق مسعود ایڈووکیٹ پیپلزپارٹی کے امیدوار تھے۔امید کی جا رہی تھی کہ حکومتی پارٹی مسلم لیگ(ن) کے ہی امیدوار کامیاب ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی جانب سے جاوید خلیل عباسی کو نامزد کرنے پر برادری ازم کا کارڈ چلا اور مغل برادری کے کونسلر متحد ہو گئے جس پر مسلم لیگی امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

جاوید خلیل عباسی کو دھیرکوٹ کے کونسلرز کی بھی حمایت حاصل تھی لیکن وہ ایک ووٹ سے شکست کھا گئے۔

یاد رہے کہ عام بلدیاتی انتخابات میں یہاں تحریک انصاف کو اکثریت حاصل تھی لیکن تحریک انصاف کی رجسٹریشن منسوخ ہونے کے بعد ارکان آزاد ہوگئے اور اب کچھ پیپلزپارٹی اور کچھ مسلم لیگ(ن) کو سپورٹ کررہے ہیں۔