تہران کو یورینیم افزودہ کرنے کا مکمل حق حاصل ،روس نے دوٹوک موقف اپنا لیا

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ایران کے یورینیم افزودگی کے حق کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کو پرامن مقاصد کیلئے یورینیم افزودہ کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔

سرگئی لاروف نے ماسکو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران بھی جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کا رکن ہے، اس لیے اسے دیگر رکن ممالک کی طرح پرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودہ کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب ، قطر اور یو اے ای کی درخواست پر ایران پر حملہ موخر کردیا، ٹرمپ کا اعلان

الجزیرہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ روس ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں مداخلت نہیں کرے گا، روسی وزیر خارجہ کے مطابق ماسکو کا مؤقف ہے کہ ایران اور امریکا اگر کسی نتیجے پر پہنچتے ہیں تو روس اس کی حمایت کرے گا، بشرطیکہ وہ دونوں فریقین کی رضامندی سے طے پائے۔

روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس کے مطابق  سرگئی لاروف نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں فیصلہ کن کردار انہی دو ممالک کا ہوگا، جب کہ روس ثالثی کے بجائے حمایت تک ہی محدود رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران پر نئے حملے کی تیاریاں؟ درجنوں امریکی طیارے اسلحہ سمیت اسرائیل پہنچ گئے

قبل ازیں، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا تھا کہ ایران کے پُرامن یورینیم افزودگی کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور یہ معاملہ مذاکرات میں ناقابلِ گفت و شنید ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ یہ بات قطعی ہے کہ یہ کوئی ایسا موضوع نہیں جس پر ہم بات چیت یا سمجھوتہ کریں۔ معاہدہ عدم پھیلاؤ کے تحت ایران کے افزودگی کے حق کو تسلیم کیا جا چکا ہے۔