جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل/عمر بھٹی راجپوت) آپریشن بنیان مرصوص کا ایک سال مکمل ضلع انتظامیہ جہلم ویلی کے زیرِ اہتمام عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔
ضلع انتظامیہ جہلم ویلی کے زیرِ اہتمام ریلی میں سپرنٹنڈنٹ پولیس جہلم ویلی، چیئرمین ضلع کونسل، چیئرمین بلدیہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جہلم ویلی کی شرکت
ایم ایس ہٹیاں بالا،ڈی ای اوز ،ڈی ڈی اوز مختلف سرکاری محکموں کے آفسران، ملازمین، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجران، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی اطلاعات ،سیاسی حلقوں میں ہلچل
ریلی کا مقصد آپریشن بنیان المرصوص کے دوران انجام دی جانے والی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا، قومی یکجہتی کو فروغ دینا اور ملک کے دفاع و سلامتی کے لیے پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو سراہنا تھا۔
شرکاء نے پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور ملکی سلامتی، امن اور استحکام کیلئے افواجِ پاکستان کی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیاگیا۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع، دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص قومی عزم، اتحاد اور قربانی کی ایک روشن مثال ہے جس نے ملک میں امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معرکۂ حق کی تاریخی فتح : سمعیہ ساجد کا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین
ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سردار فیصل مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی بدولت آج ملک امن کی جانب گامزن ہے۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد اور قومی یکجہتی سے متعلق نعرے درج تھے۔
ریلی شہر کے مختلف راستوں سے گزری جہاں شہریوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکاء کا استقبال کیا اور پاک فوج سے اپنی محبت کا اظہار کیا ۔
آخرمیں ملکی سلامتی، ترقی، استحکام اور شہداء کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔
اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پوری قوم پاک فوج اور ریاستی اداروں کے ساتھ متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنائے گی۔




