جاں بحق

ڈی جی خان، نجی تعلیمی ادارے کی چھت گرنے سے 4معصوم طالبات جاں بحق ،20افراد زخمی

ڈیرہ غازی خان کے علاقے میراثی والا چوک میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک نجی تعلیمی ادارے کی چھت گرنے سے 4معصوم طالبات جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سکول کے ساتھ ملحقہ زیر تعمیر عمارت میں غیر قانونی تعمیراتی کام جاری تھا ۔ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران بھاری تعمیراتی سامان بھی سکول کی چھت پر رکھا گیا تھا ۔ مسلسل دباؤ اور ناقص حفاظتی انتظامات کے باعث سکول کی چھت اچانک بیٹھ گئی اور بڑا سانحہ رونما ہو گیا ۔

حادثے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بچے، اساتذہ اور عملہ ملبے تلے دب گئے جبکہ والدین اپنے بچوں کی تلاش میں چیخ و پکار کرتے رہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کو ٹلی : شادی کے گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص سمیت 6 خواتین زخمی

ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ زخمیوں میں دو اساتذہ، دو مزدور اور 16 بچے شامل ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔

جاں بحق ہونے والی طالبات کی شناخت محمد عبداللہ، غانیہ زہرہ، فاطمہ اور دعا فاطمہ کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔پولیس کے مطابق میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کے انفورسمنٹ انسپکٹر عرفان حیدر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ افراد کو پہلے ہی غیر قانونی تعمیرات روکنے کے نوٹس جاری کیے گئے تھے تاہم انہوں نے ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے تعمیراتی کام جاری رکھا، جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حویلیاں میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے ۔

Scroll to Top