مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)گڑھی دوپٹہ کے نواحی گاؤں موئیاں کھکھیاں کی فضائیں اس وقت سوگوار ہو گئیں جب پاک فوج کے بہادر سپوت حوالدار عمران عباسی کی شہادت کی خبر علاقے میں پہنچی ۔
وہ دورانِ سروس ملکی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہید کی میت جب ان کے آبائی گاؤں پہنچی تو ہر آنکھ اشکبار تھی اور ہر دل اپنے اس بہادر بیٹے کی قربانی پر فخر سے سرشار نظر آیا ۔
شہید حوالدار عمران عباسی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ فضا “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی ۔
اس موقع پر شہید کی نماز جنازہ میں اعلیٰ عسکری و سول شخصیات سمیت عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قوم اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرتی ۔
نماز جنازہ میں کمانڈر 1 اے کے برگیڈ، وزیر حکومت چوہدری محمد رشید، معاون خصوصی برائے وزیراعظم مبشر منیر اعوان، چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی، سابق وزیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، سابق ممبر کشمیر کونسل انجینئر رفاقت اعوان سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی ۔
اس کے علاوہ علاقہ بھر کے عوام، بزرگ، نوجوان اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی اس عظیم سپوت کو آخری سلام پیش کرنے کے لیے موجود تھی ۔ اس موقع پر مقررین نے شہید عمران عباسی کی جرات، بہادری اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہی اس وطن عزیز کی بقا اور سلامتی کی ضمانت ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قوم کو امن اور آزادی کا تحفہ دیتے ہیں، اور یہی وہ جذبہ ہے جو پاکستان کو ناقابل تسخیر بناتا ہے۔وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید عمران عباسی جیسے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باجوڑ، شہید بچوں سمیت3 افراد سپرد خاک ، سکیورٹی افسران کی متاثرین سے اظہار تعزیت
انہوں نے کہا کہ شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور قوم ہمیشہ اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی رہے گی ۔ معاون خصوصی مبشر منیر اعوان نے کہا کہ شہید کی قربانی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کشمیری عوام اور پاک فوج ایک لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ۔
چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا کہ شہید عمران عباسی نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال قائم کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔نماز جنازہ کے بعد جب شہید کو سپردِ خاک کیا گیا تو ہر آنکھ اشکبار تھی، مگر ساتھ ہی دلوں میں ایک عجیب سا فخر اور حوصلہ بھی موجود تھا ۔
شہید کے لواحقین نے صبر و استقامت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کی قربانی پر فخر ہے اور وہ وطن عزیز کی سلامتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
شہید عمران عباسی کی قربانی اس امر کی غماز ہے کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ پاک فوج کے جوان دن رات، سردی ہو یا گرمی، برفانی ہوائیں ہوں یا دشوار گزار پہاڑ، ہر حال میں وطن کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنے کھڑے ہیں ۔
یہی وہ جذبہ ہے جو دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیتا ہے۔اہلِ علاقہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور وطن عزیز کی ترقی، استحکام اور دفاع کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باجوڑ:افغان طالبان کی سول آبادی پر گولہ باری ،بچوں سمیت 3 افرادشہید،پاک فوج کا بھرپور جواب
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہداء کے خاندانوں کی بھرپور کفالت کی جائے تاکہ وہ کسی قسم کی مشکلات کا شکار نہ ہوں۔آخر میں اجتماعی دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ شہید عمران عباسی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین ۔




