وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ مزدور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ملک بھر کے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور طبقہ اپنی انتھک محنت اور بےلوث خدمات کے ذریعے قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج یومِ مزدور کو دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ یکجہتی کے طور پر عزم اور احترام کیساتھ منا رہا ہے اور یہ دن محنت کشوں کی جدوجہد، قربانیوں اور حقوق کے اعتراف کی علامت ہے ۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے مزدوروں اور ہنرمند افراد کو قومی معیشت کی اصل قوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی افراد اپنی مہارت، لگن اور مسلسل محنت سے ملک کی بنیادوں کو مضبوط بناتے ہیں ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صنعتی، زرعی اور خدمات کے شعبوں میں کام کرنے والے محنت کش پاکستان کی ترقی کے حقیقی معمار ہیں اور ان کی خدمات کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کی جا سکتیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا ‘اپنا گھر اسکیم’ کا باضابطہ آغاز، مستحقین میں بینک چیک تقسیم
وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں محنت کش بیرونِ ملک خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ درحقیقت پاکستان کی معاشی ترقی کے سفیر ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ان محنت کشوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر نہ صرف ملکی معیشت کو سہارا دیتی ہیں بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اہم اضافہ کرتی ہیں، جو معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بیرونِ ملک روزگار کے لیے جانے والے پاکستانیوں کی سہولت اور بہتری کے لیے ہر ممکن ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔
ان اقدامات میں اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید ہنر سکھانے کے پروگرامز، مختلف بین الاقوامی زبانوں پر عبور اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیشن کی فراہمی شامل ہے تاکہ پاکستانی افرادی قوت عالمی منڈی میں بہتر مواقع حاصل کر سکے اور ملک کا نام روشن کرے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پہلگام فالس فلیگ ثابت ہوچکا، پانی روکا تو خوفناک جواب ملے گا، وزیراعظم شہباز شریف کی بھارت کو وارننگ
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے ، ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں رہے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے روشن مستقبل کی تعمیر میں محنت کشوں کی خدمات بنیادی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔




