جہاں تک ممکن ہوا اہلکاروں کے مسائل حل کرونگا، آئی جی کا اعلان

مظفرآباد: انسپکٹر جنرل آف پولیس آزاد جموں وکشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہانے اہلکاروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ میں آپ لوگوں کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جو میرے لیے ممکن ہوگا جب تک میں ہوں انشاءاللہ میں آپ لوگوں کی بہتری و فلاح و بہبود کے لیے کام کرتا رہوں گا۔

پولیس ٹریننگ سکول مظفرآباد میں زیرِ تربیت جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا کہ ہم ہمیشہ اپنے ماتحت سے ڈیمانڈ کرتے ہیں کہ وہ بہت اچھی ڈیوٹی کرے۔

یہ بھی پڑھیں:فساد کرنے والوں کو مذاکرات اور صلح کی دعوت دیتے ہیں، آئی جی آزاد کشمیر

 ایمانداری سے ڈیوٹی کرے، وردی بہت اچھی پہنے اور 24 گھنٹے ڈیوٹی کرے، لیکن اس ڈیمانڈ کی دوسری طرف ہم اس کو دیتے کیا ہیں؟ اگر اس کے فرائض ہیں تو اس کے کچھ حقوق بھی ہیں جو محکمے کی طرف ہیں۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ میں کوشش کر رہا ہوں کہ جتنی میری بساط ہے میں آپ کے حقوق کا خیال رکھوں، اس کے لیے کچھ کوششیں ہم نے پہلے کی ہیں اور کچھ انشاءاللہ آگے بھی اپنے آفیسران کے ساتھ مل کر کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے آئی جی آزادکشمیر تعیناتی کے بعد پولیس اہلکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں اور کئی مواقع پر ان کے مسائل سنے اور حل بھی کئے ہیں۔

گزشتہ روز انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے پولیس ٹریننگ اسکول مظفرآباد کے دورے کے دوران ریزرو پولیس اور رینجر پولیس کے جوانوں کے درمیان منعقدہ رسہ کشی کے مقابلے کا مشاہدہ کیا تھا۔

 دونوں ٹیموں کے جوانوں نے بھرپور جسمانی قوت، برداشت اور ٹیم ورک کا شاندار مظاہرہ کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔

آئی جی پولیس نے اس موقع پر کہا کہ پولیس فورس میں جسمانی فٹنس، نظم و ضبط اور ٹیم اسپرٹ بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔

کھیلوں کی ایسی سرگرمیاں نہ صرف جوانوں کو جسمانی طور پر مضبوط بناتی ہیں بلکہ ان میں باہمی ہم آہنگی، قوتِ برداشت اور مقابلے کا جذبہ بھی پیدا کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کی نگرانی کا نظام بدلنے کی تیاری، آئی جی پولیس نے بڑا فیصلہ کر لیا

مقابلے کے اختتام پر آئی جی پولیس نے جیتنے والی اور ہارنے والی دونوں ٹیموں کے کپتانوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور نقد انعامات سے نوازا۔

 انہوں نے دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، اصل مقصد ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا فروغ ہے۔