وزیراعظم آزاد کشمیر کا جاب فیسٹیول 2026 کا دورہ، ویمن چیمبر کے اسٹالز توجہ کا مرکز

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقدہ “آزاد جموں و کشمیر جاب فیسٹیول 2026” کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ویمن چیمبر آف کامرس کے اسٹالز شرکاء اور معززین کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقدہ “آزاد جموں و کشمیر جاب فیسٹیول 2026” کا خصوصی دورہ کیا، جہاں نوجوانوں، کاروباری افراد اور بالخصوص خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید اور مشیر برائے کھیل، ثقافت و امور نوجوانان راجہ احمد صغیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فیسٹیول کے دوران Women Chamber of Commerce and Industry AJK کے اسٹالز عوام کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے، جہاں خواتین کی کثیر تعداد نے مقامی مصنوعات، ہینڈی کرافٹس، فوڈ آئٹمز اور دیگر کاروباری سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم سمیت دیگر معززین نے بھی ان اسٹالز کا تفصیلی دورہ کیا اور خواتین کی کاروباری کاوشوں کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: یوتھ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام دو روزہ جاب فیسٹیول 28 اپریل سے شروع

ویمن چیمبر کے اسٹالز کے معائنے کے دوران وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے مختلف مصنوعات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی خواتین شرح خواندگی کے اعتبار سے پورے پاکستان میں نمایاں مقام رکھتی ہیں، اس لیے انہیں کاروبار کے میدان میں بھی آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت خواتین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ وہ معاشی طور پر خودمختار بن سکیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر مقامی کاروبار کے ساتھ ساتھ ایکسپورٹ کے نئے مواقع کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس پر ویمن چیمبر کی گورننگ باڈی نے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ خواتین پہلے ہی محدود پیمانے پر برآمدات کے شعبے میں کام کر رہی ہیں، تاہم حکومتی سرپرستی اور مکمل معاونت کی صورت میں اس دائرہ کار کو نمایاں طور پر وسعت دی جا سکتی ہے۔

ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد کشمیر نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر خواتین کے کاروباری فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ چیمبر کی جانب سے کہا گیا کہ اس نوعیت کے جاب فیسٹیولز نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں بلکہ خواتین کو معاشی دھارے میں شامل کرنے کے لیے بھی نہایت اہم ثابت ہوتے ہیں۔ جاب فیسٹیول میں آئی ٹی، سیاحت، صحت، مسلح افواج میں بھرتی، ہنرمندی اور خود روزگاری کے مختلف اسٹالز بھی قائم کیے گئے تھے، جہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ملازمتوں اور تربیتی پروگرامز کے لیے رجسٹریشن کروائی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ایسے ایونٹس نوجوانوں اور آجروں کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کرتے ہیں، جس سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں: آئین کے مطابق مہاجرین کے تمام حقوق بحال ہیں ،وزیراعظم راجہ فیصل راٹھور

Scroll to Top