فنڈز کی عدم فراہمی، چیئرمینز زکواۃ وعشر کمیٹیوں کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

مظفرآباد (بیورورپورٹ) آزاد کشمیر کے تمام ضلعی زکوٰۃ و عشر کمیٹیوں کے چیئرمینز نے سنگین صورتحال کے پیش نظر متفقہ طور پر استعفے دینے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی جانب سے بارہا یقین دہانیوں کے باوجود محکمہ زکوٰۃ کے مسائل حل نہ ہو سکے اور نظام تقریباً مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے اپنے دور اقتدار میں سوشل پروٹیکشن پروگرام کے لیے محکمہ زکوٰۃ سے ایک ارب روپے منتقل کئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیرکابینہ،ایڈھاک ملازمین کی مستقلی کیلئے قانون لانے کافیصلہ

جبکہ گزشتہ دو سال سے ریاست بھر میں کسی ایک مستحق یتیم بچی کو جہیز فنڈ کی مد میں ایک روپیہ تک ادا نہیں کیا جا سکا جبکہ ضلعی چیئرمینز کی صوابدیدی فنڈز بھی ختم کر دیئے گئے۔

مزید یہ کہ علاج معالجہ کے لیے مالی معاونت کا طریقہ کار اس قدر پیچیدہ بنا دیا گیا ہے کہ مستحق مریض فائلوں کے چکر میں ہی رہ جاتے ہیں اور بروقت علاج حاصل نہیں کر پاتے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں ماتحت عدلیہ کے 22 جوڈیشل آفیسران کے تبادلے، نوٹیفکیشن جاری

یوں محکمہ زکوٰۃ سے علاج کے لیے رقم حاصل کرنا تقریباً ناممکن بن چکا ہے۔ ضلعی چیئرمینز کا مؤقف ہے کہ انہیں رضاکارانہ بنیادوں پر کام کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جس کے باعث دفتری نظام چلانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔۔

جبکہ سوشل پروٹیکشن پروگرام کے نام پر منتقل کیے گئے فنڈز سے بھی کسی مستحق کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکا۔ ضلعی چیئرمینز نے متعدد بار وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے ملاقاتیں کر کے مسائل کی نشاندہی کی تاہم عملی پیشرفت نہ ہونے پر اب متفقہ طور پر استعفوں کا فیصلہ کیا ہے

آئندہ چند روز میں تمام استعفے وزیراعظم کو ارسال کر دیے جائیں گے تاکہ نئی تقرریاں عمل میں لائی جا سکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہائی کورٹ آزاد کشمیر کا بڑا فیصلہ، ممبر الیکشن کمیشن کی تقرری کے خلاف رٹ خارج

استعفیٰ دینے والوں میں چیئرمین ضلع میرپور خان ظفر، چیئرمین ضلع کوٹلی راجہ ظفر اللہ خان، چیئرمین ضلع سدھنوتی سردار اسد اقبال، چیئرمین ضلع پونچھ سردار افاق، چیئرمین ضلع باغ سردار نیاز احمد، چیئرمین ضلع مظفرآباد میر فضل، چیئرمین ضلع جہلم ویلی چوہدری حنیف، چیئرمین ضلع نیلم ملک یعقوب اور چیئرمین ضلع حویلی طارق میر شامل ہیں۔

مذکورہ چیئرمینز نے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کا موقع دینے پر قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی پارٹی کی جانب سے دی جانے والی ذمہ داریوں کیلئے دستیاب رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

Scroll to Top