بارش

بادل برسیں گے؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں مطلع جزوی ابرآلود اور بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور بالائی کے پی کے میں بھی مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

موسم کا حال بتانے والوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم شام یا رات کے اوقات میں بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔ اسلام آباد میں صبح کے اوقات میں شہر اقتدار کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دن کے اوقات میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ آج اسلام آباد میں دن بھر 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دارالحکومت مظفرآباد میں چند منٹوں کی تیز بارش، شہر جل تھل، سڑکیں تالاب بن گئیں

صوبائی دارالحکومت لاہور میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری رہنے کا امکان ہے جبکہ لاہور میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

شہر قائد کراچی کی بات کریں تو وہاں مطلع جزوی ابرآلود اور پارہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، شہر میں ہوائیں چلنے سے موسم بہتر رہے گا جبکہ کراچی کا فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔