نیلم (کشمیر ڈیجیٹل ): آزاد کشمیر کے پُرخطر اور دشوار گزار علاقے شیخ بیلہ کیل میں رات گئے ایک ہولناک لینڈ سلائیڈنگ نے سیاحوں کے ایک گروپ کو موت کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔ شدید اندھیرا، پہاڑوں سے گرتے ہوئے بڑے پتھر اور ٹوٹتے ہوئے راستوں نے ہر لمحہ خطرے کو بڑھا دیا تھا، جس کی وجہ سے سیاح بے بسی کے عالم میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا مدد کے منتظر تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کیل پولیس نے بغیر کسی تاخیر کے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ رات کے پچھلے پہر شروع ہونے والا یہ آپریشن کسی فلمی منظر سے کم نہ تھا، جہاں پولیس اہلکاروں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر مسلسل گرتے ہوئے ملبے اور دشوار گزار راستوں سے گزرتے ہوئے ایک ایک کر کے تمام سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیلم میں شدید بارش، شیخ بیلہ میں 30گاڑیاں پھنس گئیں، انتظامیہ کا فوری اقدام
ذرائع کے مطابق، 15 سے زائد سیاح اس خطرناک صورتحال میں بری طرح پھنسے ہوئے تھے، تاہم کیل پولیس کی جرات، غیر معمولی مہارت اور بروقت کارروائی نے ایک بڑے ممکنہ سانحے کو ٹال دیا۔ ریسکیو ہونے والے سیاحوں نے اس واقعے کو اپنی “دوسری زندگی” قرار دیتے ہوئے کیل پولیس کو اپنا اصل ہیرو کہا اور ان کی اس بے مثال خدمت پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے دوران سفر میں انتہائی احتیاط برتیں۔




