ملک کے مختلف علاقوں میں بارش و ژالہ باری، وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ بند

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مرکزی شاہراہ کیل شیخ بیلہ کے مقام پر بند ہوگئی ہے، جس کے سبب سیاحوں کی 20 سے زائد گاڑیاں وہاں پھنس گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کئی مسافروں کو مقامی آبادی میں رہائش فراہم کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی، پونچھ، کوٹلی اور وادی نیلم سمیت بالائی و پہاڑی علاقوں میں مزید بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں بارشوں، پہاڑوں پر برفباری کا الرٹ جاری

دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا میں سوات، کرک، ملاکنڈ، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش ہوئی جبکہ گلیات اور وادی ناران میں برف باری سے موسم سرد ہوگیا ہے۔ بارش کے باعث شاہراہ قراقرم کوہستان لاچی نالہ کے قریب لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے بند ہوگئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، کوہستان، مینگورہ، بٹگرام، ہری پور، پشاور اور مانسہرہ میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: نیلم میں شدید بارش، شیخ بیلہ میں 30گاڑیاں پھنس گئیں، انتظامیہ کا فوری اقدام

بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، بارکھان اور کوہلو میں بھی اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور تیز ہواؤں سمیت بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے باعث مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور شدید احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top