غیرقانونی طریقے سے پاکستانی شہریت حاصل کرنیوالوں کیخلاف گھیرا تنگ

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین نادرا نے انہیں ادارے کی کارکردگی اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر داخلہ نے نادرا کی کارکردگی اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا میں ادارہ متعلقہ حکام کی بھرپور معاونت کرے۔

یہ بھی پڑھیں: دُہری شہریت والوں کے لیے برطانیہ داخلہ ممنوع، ہوم آفس کی وارننگ جاری

انہوں نے غیر قانونی طریقے سے پاکستانی شہریت حاصل کرنے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں نادرا کے ریکارڈ سے نکالنے کا بھی حکم دیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برسوں میں نادرا کی خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاہم عوامی سہولت کیلئے مزید جدید سروسز متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں، جبکہ بائیومیٹرک تصدیق کیلئے چہرے کی شناخت کے نظام کے مؤثر نفاذ کیلئے تعاون درکار ہے۔

چیئرمین نادرا کے مطابق لاکھوں فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ منسوخ کیے جا چکے ہیں، جبکہ شناختی کارڈ سے متعلق مسائل کے حل کیلئے 30 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فیک نیوز پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی،وزیرداخلہ محسن نقوی

مزید براں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے فوت شدہ افراد کے نام پر جاری موبائل سمز بھی بلاک کی جا رہی ہیں۔