سکولوں کی اپ گریڈیشن، نئے اداروں کا قیام، وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں بڑے فیصلے

مظفرآباد:وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت محکمہ تعلیم (اسکولز) کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں سکولوں کی اپ گریڈیشن اور نئے اداروں کے قیام سمیت اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں وزیر تعلیم اسکولز دیوان علی خان چغتائی، وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پی ڈی او) چوہدری رشید، مشیر حکومت سردار فہد یعقوب، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود، سیکرٹری تعلیم قاضی عنایت سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر، 2کمپنیوں کے پاپڑ، سنیکس، مصالحہ جات غیر معیاری قرار، بھاری جرمانے

اجلاس میں تعلیمی پیکیج کے ذریعے تعلیمی شعبے میں اصلاحات، معیارِ تعلیم کی بہتری اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اہم امور زیر غور لائے گئے اور مجوزہ تعلیمی پیکیج کی مختلف جہات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

علاوہ ازیں محکمہ تعلیم سکولز کی استعداد کار میں اضافے، انتظامی ڈھانچے میں بہتری، اساتذہ اور سٹاف کی مؤثر اور میرٹ پر مبنی ایلوکیشن، اور دستیاب وسائل کے تحت جدت سے مزین بھی زیر بحث لائے گئے۔

اجلاس میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے تعلیم دوست ترجیحات کا تعین کیا گیا، جبکہ نظام میں شفافیت اور کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو زیر غور بھی لایا گیا ۔

اجلاس میں اسکولوں کے انتظامی امور کو بہتر بنانے، جدید تدریسی طریقوں کو فروغ دینے اور طلبہ کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی بھی زیر غور لائی گئی ۔

اجلاس میں دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی، اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور طلبہ کے لیے یکساں تعلیمی مواقع کو یقینی بنانے سمیت کفایت شعاری اور ترجیحات اور ضرورت کے مطابق سکولوں کے قیام اور اپ گریڈیشن کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا انقلابی اقدام، سرمایہ کاروں کو کارخانے لگانے کی اجازت دیدی

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ تعلیم کسی بھی ریاست کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی بنیادی ستون ہے۔

حکومت تعلیمی شعبے میں دیرپا اور نتیجہ خیز اصلاحات کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے،اساتذہ کی تعیناتی کا نظام مکمل طور پر میرٹ، شفافیت ، عصر حاضر کی ضرورت کے پیش نظر اور سہولت اور بہتری کے اصول پر مبنی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نصاب میں جدت، آئی ٹی کے فروغ، ڈیجیٹل لرننگ کے مواقع اور سکل بیسڈ ایجوکیشن کے ذریعے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنایا جانا چاہیے ۔

حکومت تعلیمی نظام میں بہتری، اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے اور اسکولوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ٹرانسپورٹ پالیسی: وزراء کے لیے پٹرول کی ‘نو لمٹ’، افسران کے لیے سخت کوٹہ مقرر

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس کہا کہ آزاد کشمیر میں تعلیمی نظام کو ایک مثالی، شفاف اور معیاری نظام میں تبدیل کیا جائے گا، جہاں ہر بچے کو بلاامتیاز معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو اور وہ ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکے۔