وادی لیپہ (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی لیپہ میں واقع دلکش سیاحتی مقام منڈا کلی بیلا اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔
اس مقام کو اس کی دلکش فضا اور قدرتی حسن کی وجہ سے ’’منی پہلگام‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔ سال کے مختلف موسموں میں یہاں کا منظر بدلتا رہتا ہے جو سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے ۔
گرمیوں کے موسم میں منڈا کلی بیلا سرسبز و شاداب میدانوں، بلند و بالا درختوں اور ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے نہایت دلکش منظر پیش کرتا ہے ۔
سیاح یہاں آ کر قدرت کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور پرسکون ماحول میں وقت گزارتے ہیں ۔ تاہم سردیوں میں جب برفباری ہوتی ہے تو یہی مقام برف کی سفید چادر اوڑھ کر ایک منفرد اور سحر انگیز منظر پیش کرتا ہے ۔
ان دنوں منڈا کلی بیلا میں برف موجود ہے جسے دیکھنے کیلئے ملک کے مختلف علاقوں سے سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچ رہی ہے ۔ سیاح برفباری سے خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ میں بہار کی دستک: برفانی سردیوں کے بعد رونقیں بحال، رنگ برنگے پھول کھل اٹھے
برف کے گولوں سے کھیل رہے ہیں اور قدرت کے حسین مناظر کو اپنے موبائل فون اور کیمروں میں محفوظ کر رہے ہیں ۔ بچوں اور نوجوانوں کے ساتھ ساتھ خاندانوں کی بڑی تعداد بھی اس خوبصورت مقام کا رخ کر رہی ہے ۔
یہاں آنے والے سیاحوں کا کہنا ہے کہ منڈا کلی بیلا کی خوبصورتی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ۔ ان کے مطابق یہاں کا پُرسکون ماحول، برف سے ڈھکے میدان اور قدرتی حسن دل کو مسحور کر دیتا ہے۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ اگر اس علاقے میں سیاحتی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تو یہ مقام ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے ایک بڑی توجہ بن سکتا ہے ۔
منڈا کلی بیلا نہ صرف وادی لیپہ کا ایک اہم سیاحتی مقام ہے بلکہ سردیوں کے موسم میں بھی سیاحت کے فروغ کا مرکز بنتا جا رہا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ؛ پاک فوج اور ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑی ریلی، شرکا کے فلک شگاف نعرے
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی آمد سے علاقے کی معیشت کو بھی فائدہ پہنچتا ہے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں ۔




