وادی لیپہ؛ پاک فوج اور ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑی ریلی، شرکا کے فلک شگاف نعرے

لیپہ (کشمیر ڈیجیٹل): وادی لیپہ میں تحصیل انتظامیہ، بلدیاتی نمائندگان، سول سوسائٹی اور انجمن تاجران کے اشتراک سے پاک فوج اور ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی۔ یہ ریلی تحصیل آفس لیپہ سے شروع ہو کر ٹنل چوک بازار تک گئی، جس میں شرکا نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے۔

ریلی کے شرکا نے اسرائیل، امریکہ اور انڈیا کے مبینہ گٹھ جوڑ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان ممالک کی جانب سے عالمِ اسلام کے خلاف کی جانے والی سازشوں کی مذمت کی۔ اس موقع پر ایران پر ہونے والے حالیہ حملوں کی بھرپور مذمت کی گئی اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ریفائنری پر ڈرون حملہ؛ راس تنورا میں ہنگامی حالت نافذ، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

پاک فوج کی قیادت پر اعتماد کا اظہار:

ریلی سے اسسٹنٹ کمشنر لیپہ قمر حسین شاہ، ممبر لوکل کونسل صدیق شیخ اور ممبر لوکل کونسل اظہر میر نے خطاب کیا۔ مقررین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے جس طرح افغانستان میں انڈیا اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کو ناکام بنایا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کی طرف جو بھی میلی آنکھ سے دیکھے گا، اس کا عبرتناک انجام ہوگا۔

Scroll to Top