وادی لیپہ میں شدید برفانی سردیوں کے بعد بہار کی آمد شروع ہو چکی ہے۔ چند روز قبل تک پوری وادی سفید چادر میں ڈھکی ہوئی تھی، تاہم اب نچلے علاقوں میں سبز پودے اور رنگ برنگے پھول کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔
وادی کی موجودہ صورتحال:
اگرچہ وادی کی بلند پہاڑی چوٹیاں اب بھی برف سے ڈھکی ہوئی ہیں، مگر نشیبی علاقوں میں زندگی دوبارہ رواں دواں ہو چکی ہے۔ پرندوں کی چہچہاہٹ، ندی نالوں کے بہتے پانی اور کھیتوں میں مصروف کسان اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ بہار نے باقاعدہ دستک دے دی ہے۔
مقامی افراد کا ردعمل:
مقامی افراد کے مطابق یہ منظر سردیوں کی طویل سختی کے بعد نئی امید اور تازگی کی علامت ہے۔ وادی میں اس وقت ایک ہی مقام پر برف اور بہار کا حسین امتزاج دیکھنے کو مل رہا ہے جو دیکھنے والوں کو مسحور کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آپریشن غضب للحق: بگرام ایئربیس پر پاکستانی کارروائی میں ہینگر اور ویئر ہاؤسز تباہ، سیٹلائٹ تصاویر سامنے آگئیں
وادی لیپا: جہاں قدرت مسکراتی ہے اور وقت ٹھہر جاتا ہے :
وادی لیپا محض ایک جگہ کا نام نہیں، بلکہ قدرت کے شاہکار مناظر کا ایک ایسا مجموعہ ہے جہاں پہنچ کر انسان دنیا و مافیہا سے بے خبر ہو جاتا ہے۔دیودار، کائل اور چیڑھ کے گھنے جنگلات، نیلگوں آسمان اور پہاڑوں کی اوٹ سے جھانکتی بھارتی مورچیاں اس وادی کے حسن کو ایک خاص وقار اور تھرتھراہٹ عطا کرتی ہیں۔
لکڑی کے گھر اور دھان کے کھیت: لیپا کا انوکھا طرزِ زندگی :
لیپا کی سب سے بڑی خوبصورتی یہاں کے لکڑی سے بنے روایتی گھر (چوبی مکانات) ہیں، جو برف باری کے موسم میں مکینوں کو تپش اور سکون فراہم کرتے ہیں۔ وادی کے نشیبی علاقوں میں پھیلے دھان کے سرسبز کھیت اور ان کے درمیان سے گزرتی نہریں ایک ایسا دیومالائی منظر پیش کرتی ہیں جو ناران، سوات یا مری جیسے معروف سیاحتی مقامات پر بھی نظر نہیں آتا۔ یہاں کی زمین اتنی زرخیز اور لوگ اتنے محنتی ہیں کہ سیب اور اخروٹ کے درختوں سے لدی یہ وادی اپنی مثال آپ ہے۔
چنار کی آگ اور نالہ قاضی ناگ کا شور:
وادی میں بہتا ‘نالہ قاضی ناگ’ نہ صرف کھیتوں کو سیراب کرتا ہے بلکہ اس کا مدھر شور خاموش راتوں میں کسی موسیقی سے کم محسوس نہیں ہوتا۔ یہاں کے چنار کے درخت علامہ اقبال کے اس مصرعے کی یاد دلاتے ہیں کہ “جس خاک کے ضمیر میں ہے آتشِ چنار”۔ تریڈہ شریف سے لے کر منڈاکلی تک، ہر موڑ پر فطرت اپنے اصلی رنگوں میں نظر آتی ہے۔ یہاں کی خواتین کا کھیتوں میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا اور مقامی افراد کی بے مثال مہمان نوازی اس سفر کی تھکن کو پل بھر میں دور کر دیتی ہے۔
محصور وادی کا درد اور امید کی کرن:
خوبصورتی کے ساتھ ساتھ لیپا ایک ‘محصور وادی’ بھی ہے، جہاں موسمِ سرما کے پانچ چھ ماہ برف کی وجہ سے زندگی مفلوج ہو جاتی ہے۔ کنٹرول لائن کے بالکل قریب ہونے کی وجہ سے یہاں کے باسیوں نے بہت سے کڑے وقت دیکھے ہیں، لیکن ان کے چہروں پر موجود مسکراہٹ اور مہمانوں کے لیے بچھایا گیا ‘پرتکلف دسترخوان’ ان کی زندہ دلی کی گواہی دیتا ہے۔ لیپا وہ جگہ ہے جہاں انسان کو ‘رابطوں کی دنیا’ (موبائل سگنلز) سے کٹ کر اپنی روح سے جڑنے کا موقع ملتا ہے۔




