پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہےیا نہیں؟ اوگرا نے وضاحت کردی

اسلام آباد:ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے حوالہ سے سوشل میڈیا پرزیر گردش خبریں بے بنیاد قرار دے دی گئیں۔

اوگرا ترجمان نے جاری بیان میں واضح کیا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 73.40 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 84.95 روپے اضافے کی کوئی سمری وزیرِ اعظم آفس کو نہیں بھجوائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: صوبائی وزراء کو مفت پیٹرول، ڈیزل کی فراہمی بند، پروٹوکول پر بھی پابندی عائد

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ دعویٰ سراسر بے بنیاد ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی مذکورہ خبریں من گھڑت اور جھوٹی ہیں، عوام غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر خبر وائرل تھی کہ پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی سمری وزیراعظم کو ارسال کردی گئی ہے۔

دو روزقبل حکومت نے ایران جنگ کے باعث پیڑول اور ڈیزل کی قیمت میں 55،55روپے کا اضافہ کیا تھا، اتوار کے روز وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں قیمتیں مزید بڑھانے کا عندیہ دیا تھا۔

گزشتہ روز وزیر مملکت علی پرویز ملک نے بھی واضح کیا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی آچکی ہے، اب ہو سکتا ہے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں نہ بڑھائی جائیں۔پ

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کاتعاون جاری، ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر لاگت کا حساب نہیں لگایا جاسکتا، علی پرویز ملک

یہ بھی یاد رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے اور عید پھیکی پڑتی نظر آرہی ہے ایسے میں پیٹرول مزید مہنگا ہونے کی افواہوں نے بے چینی میں اضافہ کر دیا تھا۔

پیٹرول، ڈیزل مہنگا ہونے پر کرایوں میں اضافہ سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوچکا ہے جس سے لوگ پریشانی کا شکار ہیں۔

Scroll to Top