ٹی 20ورلڈکپ، بھارت کو عبرتناک شکست کے بعد سیمی فائنل کے لالے پڑ گئے

آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل کے لالے پڑ گئے ہیں۔

اتوار کو ٹی 20ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 76 رنز سے عبرت ناک شکست دی۔جنوبی افریقا کے 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 111 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلہ : جنوبی افریقا نے بھارت76رنز سے ہرا دیا

یہ ٹی 20ورلڈکپ میں رنز کے اعتبار سے بھارت کی سب سے بڑی شکست ہے۔2010 کے ورلڈکپ میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں 49 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس عبرتناک شکست کے بعد سپر 8 کے گروپ 1 میں شامل بھارت کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا سفر مشکل ہوگیا۔

سپر 8 کے گروپ 1 میں بھارت کیساتھ جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں اور ٹاپ 2 ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

جنوبی افریقا سے 76 رنز سے شکست کے بعد بھارت کا نیٹ رن ریٹ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس وقت بھارتی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ منفی 3 ہے۔

بھارت کو سپر 8 میں اپنے اگلے دونوں میچز( زمبابوے اور ویسٹ انڈیز) بڑے مارجن سے جیتنے ہیں اور اسے دوسری ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا پڑسکتا ہے۔

ممکنہ منظرنامے کے مطابق گروپ 1 میں اگر ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا کو شکست دے، زمبابوے اپنے تمام میچز ہار جائے اور بھارت اپنے باقی دونوں میچز جیت لے تو ایسی صورت میں 3 ٹیمیں 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ برابر آ جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ سُپر 8 مرحلہ ، انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دے دی

اس صورتحال میں سیمی فائنل تک رسائی کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا، جس میں بھارت کی پوزیشن اس وقت کافی کمزور دکھائی دے رہی ہے۔

یعنی اب بھارت کے لیے صرف جیت کافی نہیں بلکہ بڑے مارجن سے فتح بھی ناگزیر ہو چکی ہے۔

Scroll to Top