کینڈی: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سُپرایٹ کے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دے دی ۔ سری لنکن ٹیم 147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 95 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی ۔
انگلینڈ کے ول جیکس نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لیام ڈاسن ، عادل رشید اور جوفرا آرچر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ۔ سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے 30 رنز بنائے مگر ٹیم کیلئے یہ ناکافی ثابت ہوئے اور7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک نیوزی لینڈ میچ بارش کی نذر، پاکستان اب کیسے سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے؟
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 146 رنز بنائے ۔ ابتدائی اوورز میں وکٹیں جلدی گریں، جوز بٹلر صرف 7 رنز بنا کر دونتھ ویلالگے کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور جیکب بیتھل 3 رنز پر مہیش تھیکشنا کا شکار بن گئے ۔ اس کے بعد ٹام بینٹن 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے اور کپتان ہیری بروک داسن شناکا کی تھرو پر رن آؤٹ ہوئے ۔
فل سالٹ نے اپنی ٹیم کو سنبھالنے کی ذمہ داری لی اور ہیری بروک کیساتھ مل کر اسکور آگے بڑھایا ۔ سالٹ نے 40 گیندوں پر 62 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی آٹھویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ففٹی مکمل کی، جس میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے ۔ انگلینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، سیم کرن 11 اور لیام ڈاسن 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔
آخر میں ول جیکس نے 21 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، تاہم دلشان مدوشنکا نے انہیں اور جوفرا آرچر کو ایک ہی اوور میں آؤٹ کر کے ٹیم کی گرفت مضبوط کی ۔ عادل رشید 1 اور جیمی اوورٹن 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باسط علی کا ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی حالیہ پریس کانفرنس پر سخت ردعمل
سری لنکا کی جانب سے دونتھ ویلالگے سب سے کامیاب باؤلر رہے، جنہوں نے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں ۔ دلشان مدوشنکا اور مہیش تھیکشنا نے دو، دو جبکہ دشمنتھا چمیرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
سری لنکا کی ٹیم میں پتھم نسانکا، کامل مشارا، کوسل مینڈس (وکٹ کیپر)، پاون رتھنائیکے، کمنڈو مینڈس، داسن شناکا (کپتان)، دونتھ ویلالگے، دوشن ہیمنتھا، دشمنتھا چمیرا، مہیش تھیکشنا اور دلشان مدوشنکا شامل تھے ۔
انگلینڈ کی ٹیم میں فلپ سالٹ، جوز بٹلر (وکٹ کیپر)، جیکب بیتھل، ٹام بینٹن، ہیری بروک (کپتان)، سیم کرن، ول جیکس، جیمی اوورٹن، لیام ڈاسن، جوفرا آرچر اور عادل رشید شامل تھے ۔




