اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ موسمیات نے 10 سے 15 اکتوبر کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستنان کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی۔
وادی نیلم ، مظفر آباد ، راولا کوٹ ، پونچھ ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں تیز ہوائوں ، آندھی گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی خدشہ ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان ( دیامر ، استور، غذر ، اسکردو، ہنزہ، گلگت ، گانچھے اور شگر) میں چند مقامات پر وقفے وقفے سے تیز ہواؤں / آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جس سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایران سے تیل تجارت کا الزام : ممبئی کی 2 کمپنیوں،5 بھارتی شہریوں پر پابندیاں عائد
محکمہ موسمیات نے 10 سے 15 اکتوبر کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے
مغربی ہواوں کی آمد سے اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن اور شمالی پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔
پیش گوئی کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد میں 10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی 15 اکتوبر تک بارش کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی خواہش پوری نہ ہوسکی، امن کا نوبیل انعام خاتون وکیل کے نام
بلوچستان کے بعض اضلاع، بالخصوص ژوب، بارکھان، دکی، ہرنائی، کوہلو، لورالائی، موسیٰ خیل اور زیارت میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کی توقع ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق 10 سے 15 اکتوبر کے دوران بڑے دریاؤں کے بالائی آبی علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے تاہم 9 اکتوبر کو جاری کردہ بلیٹن میں بڑے دریاؤں کے بہاؤ معمول کے مطابق رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
محکمہ موسمیات کی سابقہ موسمی ایڈوائزری کے مطابق تیز ہواؤں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کے دوران کمزور عمارتوں، کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔
شہریوں کو چاہیے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کھلے مقامات اور درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے بچیں اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں۔




