راولپنڈی:سابق ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ مجاہد خان نے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی جس کے بعد حلقہ چڑہوئی میں مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیروگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کا اعتماد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر روز بروز مستحکم ہو رہا ہے اور حالیہ سیاسی شمولیتیں اس اعتماد کا واضح مظہر ہیں۔
انجینئر امیر مقام نے سابق ایم ایل اے راجہ مجاہد خان اور دیگر سیاسی شخصیات کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر اس بات کی دلیل ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی خدمت، دیانت اور ترقی کی سیاست کو ترجیح دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ماہ رنگ بلوچ اور ایمان مزاری کے ’’لاپتہ افراد‘‘ میں شامل ایک اور شخص بی ایل اے کمانڈر نکلا
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر سیاست کی اور اسی وجہ سے عوام کا اعتماد اس جماعت پر قائم ہے۔
انہوں نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے ادوار حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں سڑکوں کی تعمیر، توانائی منصوبوں کے اجرا، تعلیمی اداروں کے قیام اور انفراسٹرکچر کی بہتری جیسے تاریخی اقدامات مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو جرات مندانہ انداز میں اجاگر کیا اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور وکالت کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پانچ دانش اسکولوں کے قیام کا عمل جاری ہے جبکہ دانش یونیورسٹی کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی سہولت مقامی سطح پر میسر آ سکے۔
صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی فراہمی کے علاوہ انفراسٹرکچر، توانائی، سیاحت اور روزگار کے شعبوں میں بھی پیش رفت جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایکشن کمیٹی آزادکشمیر کے 17مطالبات پر عملدرآمد ہوچکا، انجینئر امیر مقام
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور یہ جماعت انتشار کی نہیں بلکہ تعمیر و استحکام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 37 نکات میں سے 17 پر مکمل عملدرآمد ہو چکا ہے۔
کابینہ کا حجم 20 تک محدود کرنا، معطل ملازمین کی بحالی، پرتشدد واقعات کے متاثرین کو معاوضہ، زخمیوں کو 12 کروڑ روپے کی ادائیگی، 177 ایف آئی آرز کی واپسی، بجلی میٹرز کی ای ٹینڈرنگ، احتساب قوانین کو نیب قوانین سے ہم آہنگ کرنا اور پونچھ و مظفر آباد میں نئے تعلیمی بورڈز کا قیام جیسے اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مہاجرین نشستوں سے متعلق آئینی کمیٹی قائم کی جا چکی ہے جس کا اجلاس 26 فروری کو ہو گا تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایکشن کمیٹی مذاکراتی اجلاسوں میں شرکت سے گریزاں ہے، حالانکہ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہسپتالوں میں ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینوں کی فراہمی کے لیے ساڑھے پانچ ارب روپے کے پی سی ون پر کام جاری ہے، کہوٹہ آزاد پتن روڈ کی فزیبلٹی مکمل ہو چکی ہے جبکہ میرپور ایئرپورٹ کی تعمیر سے متعلق رپورٹ وزیر دفاع کو پیش کی جا چکی ہے۔
بینک آف آزاد جموں و کشمیر کو شیڈولڈ بینک کا درجہ دلانے کے لیے اس کے ذخائر 10 ارب روپے تک بڑھانے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ احتجاج مسائل کا حل نہیں، بلکہ سنجیدہ مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام کا دورہ راولاکوٹ، 446 طلباء طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم
وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے پرعزم ہے اور ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پارٹی میں شامل ہونے والے معززین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک بہترین اور درست سیاسی پلیٹ فارم کا انتخاب کیا ہے، جماعت میں شمولیت اختیار کرنے والے کارکنان ورہنما ہماری پارٹی کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں۔
تقریب میں سابق سینیٹر چوہدری تنویر، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، سینیٹر ناصر بٹ، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق، سینئر نائب صدر مشتاق منہاس سمیت دیگر مرکزی و مقامی رہنما بھی شریک تھے۔




