ٹی 20ورلڈکپ ،گرین شرٹس کا آج نیدرلینڈز سے مقابلہ، کولمبو میں بارش کا خطرہ

ورلڈکپ میں گرین شرٹس کاآج ہفتے کو پہلے میچ میں نیدرلینڈز سے مقابلہ ہوگا، کولمبو میں بارش کا خطرہ بھی منڈلا رہا ہے۔

ورلڈ کپ میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور صائم ایوب ٹیم کی امیدوں کا محور ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20ورلڈ کپ کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان، 4پاکستانی کھلاڑی شامل

کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ہر میچ کے لیے بہترین کمبی نیشن میدان میں اتارنے کی کوشش ہو گی،اگر کسی سینئر پلیئر بشمول بابر اور فخر زمان کی جگہ نہیں بن رہی ہو تو ہم انہیں نہیں کھلائیں گے۔

دوسری جانب اپ سیٹ میں ماہر ڈچ سائیڈ کی قیادت اسکاٹ ایڈورڈز کریں گے ، میکس او ڈاوڈ، باس ڈی لیڈے، لوگن وان بیک جیسے باصلاحیت کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں۔

پاکستانی شاہین ٹیم تمام باتیں بھلا کر اپنے عمدہ کھیل سے شائقین کو تفریح فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گرائونڈ پرمہم کا آغاز نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے ہوگا، سلمان علی آغا قیادت کریں گے ، بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، نسیم شاہ، فخر زمان، محمد نواز، صائم ایوب و دیگر سے اچھی کارکردگی کی توقعات وابستہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم کو دھچکا، اہم کھلاڑی ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا

گزشتہ دونوں باہمی میچز میں گرین شرٹس فاتح رہے ہیں، ہفتے کا مقابلہ موسم سے متاثر ہو سکتا ہے،بارش کا امکان 83 فیصد تک بتایا گیا ہے، اگر میچ منسوخ ہوا تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملے گا جس سے پاکستان کی اگلے مرحلے تک رسائی متاثر ہو گی ۔

پاکستان نے بھارت سے مقابلے کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہوا ہے، سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے پاکستان کو نیدرلینڈز، امریکا اور نمیبیا کے خلاف لازمی فتوحات حاصل کرنا ہوں گی۔

پاکستان اپنا دوسرا میچ 10 فروری کو امریکا کے خلاف کھیلے گا ، آخری گروپ مقابلہ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف ہوگا،امریکا کے خلاف میچ بھی آسان نہیں کیونکہ گزشتہ ٹی 20ورلڈ کپ میں نوآموز ٹیم پاکستان کو شکست دے چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: فٹنس مسائل،آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ ورلڈ کپ سے باہر

ٹورنامنٹ میں لیگ اسپنر ابرار احمد پاکستان کے اہم ہتھیار ثابت ہو سکتے ہیں ، وہ گزشتہ ایک سال کے دوران نمایاں وکٹ ٹیکر رہے ہیں، سری لنکا کی سست پچز ان کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

Scroll to Top