آبنائے ہرمز میں پاسدارانِ انقلاب کی کشتیوں نے امریکی پرچم والے جہاز کو روک لیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی پرچم والا جہاز بغیر اجازت ایرانی پانیوں کی حدود میں داخل ہوا تھا، ایرانی کشتیوں کی جانب سے وارننگ ملنے کے بعد جہاز علاقے سے نکل گیا ۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے ائیر کرافٹ کیریئر کی طرف آنے والا ایرانی ڈرون مار گرایا،ترجمان
امریکی سینٹرل کمانڈ نے آبنائے ہرمز واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ ایرانی کشتیوں نے امریکی پرچم والے جہاز کو روکا اور عملے کو ہراساں کیا۔
ترجمان سینٹ کام نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب کی کشتیاں اور ایرانی ڈرون امریکی پرچم والے جہاز تک پہنچے اور جہاز کو قبضے میں لینے کی دھمکی دی ۔
سینٹ کام نے کہا کہ امریکی ائیرکرافٹ یو ایس ایس ابراہم لنکن پر موجود امریکی ایف 35 سی لڑاکا طیارے نے ایرانی ’شاہد-139‘ ڈرون مارگرایا۔
ادھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کےساتھ رواں ہفتے ہونے والی بات چیت طے شدہ وقت کےمطابق ہوگی جبکہ ترجمان وزارتِ خارجہ ایران کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا مقام اور وقت کوئی پیچیدہ معاملات نہیں، امریکاکے ساتھ مذاکرات کےمقام کےحوالے سے مشاورت جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی :پاکستان کو مذاکرات میں شرکت کی دعوت
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق ترکیے، عمان اور خطے کےکئی دیگر ممالک نے مذاکرات کی میزبانی کےلیے آمادگی ظاہرکی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی اور ایرانی حکام نے مئی 2023 سے تعطل کا شکار جوہری مذاکرات جمعے کو ترکیے میں دوبارہ شروع ہونے کی تصدیق کی ہے۔




