اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے عالمی قوانین کے تحت مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے پرامن حل کو نہایت ضروری قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں تنازعات سے بچاؤ اور ان کے حل پر ہونے والے مباحثے سے خطاب میں عاصم افتخار نے کہا کہ بدقسمتی سے آج تک مسئلہ فلسطین اور کشمیر کا کوئی حتمی حل نہیں نکالا جا سکا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے حمایت جاری رکھے گا،عاصم افتخار
انہوں نے تمام تنازعات کے سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل نکالنے کا مطالبہ بھی کیا۔ پاکستانی مندوب نے گزشتہ روز بھی سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کے دوران زور دیا تھا کہ تمام تنازعات پُرامن طریقے سے حل ہونے چاہیے۔
عاصم افتخار نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور عالمی قوانین کے مطابق انہیں حل کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ مستحکم ایران پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے، اقوام متحدہ کا چارٹر طاقت کےاستعمال کی مخالفت کرتا ہے اور بیرونی مداخلت یواین چارٹر کے بھی خلاف ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ امید ہے کہ ایران کی صورتحال جلد نارمل ہوگی، بیرونی دباؤ، اندرونی ہنگامہ آرائی ختم ہوگی، ایران پاکستان کا برادر ہمسایہ ملک ہے اور مسائل کے حل کے لیے پاکستان سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، انجینئر امیر مقام




