اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہدِ آزادی میں اُن کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کشمیری عوام کو اُن کا حقِ خودارادیت دلانے کیلئے ہر فورم پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔
یومِ حقِ خودارادیتِ کے حوالے سے اپنے پیغام میں وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت کی جانب سے کئے گئے تمام اقدامات کو یکطرفہ، غیر قانونی اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر، چوتھے جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیر کی آزادی کیلئے آخری حد تک جائیں گے، امیرمقام کا کنٹرول لائن سےبھارت کو پیغام
انہوں نے زور دیا کہ مسئلۂ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نےاقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلۂ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا ، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے تنازعے کے حتمی حل تک کشمیریوں کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
ہر سال 5 جنوری کو کشمیری ’یومِ حقِ خودارادیت‘ مناتے ہیں۔اسی دن 1949 میں اقوامِ متحدہ کمیشن برائے بھارت و پاکستان (UNCIP) نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی جس میں جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کی ضمانت دی گئی تھی تاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ ،حق خودارادیت حاصل کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: اوور سیز کشمیریوں کے مسائل حل کرنا ترجیح،سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرینگے،فیصل راٹھور
حقِ خودارادیت اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کو اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانا چاہیے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔




