بدلتے موسم میں کھانسی سے پریشان ہیں؟ آزمودہ گھریلو نسخے اپنائیں

(کشمیر ڈیجیٹل) موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی کھانسی، گلے کی خراش اور سوزش جیسی تکالیف عام ہو جاتی ہیں۔ سردی یا خزاں کے آغاز پر بچے، نوجوان اور بزرگ سبھی اس مسئلے کا سامنا کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق نزلہ، زکام، وائرل یا بیکٹیریل انفیکشن کے باعث گلا متاثر ہوتا ہے اور مسلسل کھانسی ہونے لگتی ہے، جو جسم کا ایک قدرتی عمل ہے تاکہ گلے اور سانس کی نالیوں میں موجود گرد یا بلغم کو صاف کیا جا سکے۔ تاہم اگر کھانسی لمبے عرصے تک برقرار رہے تو یہ کسی بیماری کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔ بعض اوقات معدے کی تیزابیت بڑھنے سے بھی خشک کھانسی لاحق ہو جاتی ہے۔

خوش آئند بات یہ ہے کہ ہلکی یا موسمی کھانسی کے علاج کے لیے مہنگی دواؤں کی ضرورت نہیں پڑتی۔ چند آزمودہ گھریلو نسخے آزما کر آپ اس مسئلے سے بآسانی نجات حاصل کر سکتے ہیں۔

شہد کا استعمال:
شہد صدیوں سے کھانسی اور گلے کی سوزش کے علاج کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق شہد کھانسی کے لیے بہترین قدرتی علاج ہے۔ ایک یا دو چائے کے چمچ شہد کو نیم گرم پانی اور چند قطرے لیموں کے عرق کے ساتھ پینے سے گلے کو فوری سکون ملتا ہے۔ لیموں بلغم کو صاف کرتا ہے جبکہ شہد خراش میں نرمی پیدا کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: طب کی دنیا میں بڑا انقلاب، ڈاکٹر شوکت بخاری نے ڈینگی وائرس کی دوا تیار کرلی

پودینہ:
پودینہ کھانسی میں آرام دیتا ہے۔ اس میں موجود مینتھول سانس کی نالیوں کو کھولتا اور گلے کی جلن کم کرتا ہے۔ پودینے کی چائے پینا یا بھاپ میں پودینے کے چند قطرے شامل کرنا مفید ثابت ہوتا ہے۔

ادرک:
ادرک کے قدرتی اجزاء گلے کے پٹھوں کو سکون دیتے ہیں اور بلغم کم کرتے ہیں۔ ادرک کی چائے یا ادرک کا پانی پینے سے گلے کی خراش میں فوری آرام آتا ہے۔ اس کا ذائقہ اگرچہ تیز ہے مگر اثر انتہائی مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

ہلدی:
ہلدی میں موجود قدرتی اجزاء کھانسی اور سوزش دونوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔ ہلدی والا دودھ یا ہلدی کی چائے پینے سے گلے کی تکلیف میں نمایاں کمی ہوتی ہے۔ اگر اس میں تھوڑا سا شہد اور سیاہ مرچ شامل کر لی جائے تو اس کا اثر دوگنا ہو جاتا ہے۔

گرم مشروبات اور پانی:
گرم چائے، شوربہ یا نیم گرم پانی پینے سے گلے کی صفائی ہوتی ہے اور بلغم پتلا ہو جاتا ہے۔ دن بھر زیادہ پانی پینے سے جسم میں نمی برقرار رہتی ہے اور کھانسی میں بھی آرام ملتا ہے۔

بھاپ اور غرارے:
بھاپ لینے سے سانس کی نالیوں کو نمی ملتی ہے اور کھانسی میں فوری آرام آتا ہے۔ اسی طرح نیم گرم نمک ملے پانی سے غرارے کرنا بھی ایک آزمودہ گھریلو نسخہ ہے جو گلے کی خراش اور جلن میں کمی لاتا ہے۔

کف ڈراپ یا ٹافیوں کا استعمال:
اگر گلے میں خراش یا خشک کھانسی ہو تو مینتھول فلیور والی ٹافی یا کف ڈراپ استعمال کریں۔ اس سے گلے کو وقتی سکون ملتا ہے اور سانس کی نالیاں کھل جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے زیراہتمام سماہنی میں 7 روزہ فرنٹ لائن میڈیکل ورکشاپ اختتام پذیر

یہ تمام گھریلو طریقے آسان، محفوظ اور مؤثر ہیں جنہیں اپنا کر بدلتے موسم میں کھانسی اور گلے کی تکلیف سے قدرتی طور پر نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

Scroll to Top