اسلام آباد سفارتکاری کیلئے پھر مرکزنگاہ بن گیا،اہم رہنما پاکستان پہنچ آئے

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد عالمی و علاقائی سفارتکاری کا بڑا مرکز بن چکا ہے، جہاں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اہم اجلاس کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔

 اہم علاقائی فورم میں شرکت کے لیے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا بھارت میں ایس سی او مکالمے میں شرکت کا فیصلہ

دفتر خارجہ کے مطابق ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ بوبور مسعودووچ عثمانوف بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے ہیں، جہاں وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اجلاس کے باضابطہ آغاز سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود کے سربراہان کے اعزاز میں ایک خصوصی استقبالیہ عشائیہ دیا۔

یہ بھی پڑھیں :ای سی او وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج شروع ہوگا 

مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان علاقائی تعاون کے فروغ اور خطے میں امن، ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

 پروقار عشائیے میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ای سی او سیکریٹریٹ کے نمائندوں سمیت متعدد سفارتی شخصیات اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔