نیشنل ویمن ہوشو چیمپئن شپ ، آزادکشمیر کی ٹیم نے 2سلور،4کانسی کے تمغے جیت لئے

گجرات/مظفرآباد:پندرہویں نیشنل ویمن ہوشو چیمپئن شپ جس میں آزادکشمیر سمیت پاکستان بھر سے ٹیموں نے حصہ لیا، چیمپئن شپ میں آزادکشمیر کی ٹیم نے دو سلور جبکہ چار کانسی کے تمغے حاصل کئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر (ڈی سی)گجرات نور العین قریشی نے 15ویں قومی خواتین ووشو چیمپئن شپ 2025 کی فائنل تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور شریک کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

یہ ایونٹ گجرات جمنازیم میں منعقد ہوا اور اس میں آزاد کشمیر، بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب سے نوجوان خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

گجرات کے محکمہ کھیل اور ووشو ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کی گئی اس چیمپئن شپ کا مقصد کھیلوں میں خواتین کی شرکت کو فروغ دینا تھا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نور العین قریشی نے نوجوان کھلاڑیوں کے جوش و جذبے اور ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ لگن کے ساتھ اپنے صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

سلور میڈل حاصل کرکے آزادکشمیر کا نام روشن کرنے والی ایتھلیٹ مومنہ نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ نے ہمیں کوئی سپورٹ مہیا نہیں کی گئی، ہمارے کوچ نے آنے جانے کا خرچہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں وننگ انعام بھی نہیں ملا، بے شک سپورٹس میں مسائل ضرور پیش آتے ہیں لیکن لڑکیوں کو کھیلوں کی طرف آنا ہوگا، میں نے نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

مومنہ نے کہا کہ ہمیں سپورٹس بورڈ کی طرف سے کسی قسم معاونت فراہم نہیں کی جاتی جب ہم کہیں جاتے ہیں تو ہمیں بہت سےمسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مومنہ نے اپیل کی کہ حکومت اور سپورٹس بورڈ کے حکام کو کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

Scroll to Top