تولی پیر قومی گراس اسکٹنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر، جی بی اسکاؤٹس فاتح قرار

راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)کشمیر کے حسین اور بلند و بالا سیاحتی مقام تولی پیر میں چوتھی قومی گراس اسکٹنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر ہو گئی۔کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کر کے آزاد کشمیر میں گراس سکئنگ کے کھیل کی ترویج کے لئے راہیں ہموار کر دیں ۔

یہ چمپئن شپ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہی، جس میں 100 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑیوں نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے شرکت کی۔

دو روزہ تربیتی سیشنز کے بعد کھلاڑیوں نے پیرالل جائنٹ سلاالم اور جائنٹ سلاالم کے سنسنی خیز مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

مردوں کے مقابلوں میں جی بی اسکاؤٹس فاتح قرار پائے، جبکہ خواتین کی کیٹیگری میں مدک لشٹ ونٹر اسپورٹس کلب چترال نے ٹرافی اپنے نام کرلی۔زاہد عباس (جی بی اسکاؤٹس) اور منتشہ (مدک لشٹ ونٹر اسپورٹس کلب) کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ ایونٹ آزاد جموں و کشمیر ونٹر اسپورٹس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام، ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کی سرپرستی میں، اور محکمہ کھیل و سیاحت آزاد کشمیر و رائٹ ٹو پلے پاکستان کے اشتراک سے منعقد ہوا۔

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر راولاکوٹ سردار عمر فاروق تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا ایسے ایونٹس نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

تولی پیر کا قدرتی حسن، اس کی 9 ہزار فٹ بلندی اور ترقی پاتی سہولیات اسے قومی و بین الاقوامی سطح کے ایڈونچر اسپورٹس کے لیے مثالی مقام بناتے سکتے ہیں سیکریٹری جنرل آزاد جموں و کشمیر ونٹر اسپورٹس ایسوسی ایشن عقیل خورشید نے تمام کھلاڑیوں اور اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گراس اسکی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نہ صرف سیاحتی ترقی بلکہ مقامی کمیونٹی کے معاشی استحکام میں بھی معاون ثابت ہو گی۔

چیمپئن شپ کی کامیابی اور ہر سال بڑھتی ہوئی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر تیزی سے ایڈونچر اسپورٹس اور ماحول دوست سیاحت کے ابھرتے ہوئے مراکز بن رہے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:علیمہ خان کی گرفتاری کیلئے راولپنڈی پولیس کی ٹیم تشکیل