ورلڈ کپ 2027 کا شیڈول آج جاری کیے جانے کا امکان

کرکٹ شائقین کو آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا بے صبری سے انتظار ہے، جس کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔ ایونٹ کا شیڈول آج یکم اکتوبر کو جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک بز کے مطابق آئی سی سی اور کرکٹ جنوبی افریقا کی جانب سے ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان یکم اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں کیا جائے گا. ٹورنامنٹ یکم اکتوبر سے شروع ہو کر 19 نومبر تک جاری رہنے کا امکان ہے.

ٹکٹوں کے لیے بیلٹ کا عمل:

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے لیے بیلٹ کا عمل بھی یکم اکتوبر سے شروع کرے گا. تاہم شائقین کو اس مرحلے پر ٹکٹ فروخت نہیں کیے جائیں گے بلکہ وہ ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے بیلٹ میں اپنا نام رجسٹر کرا سکیں گے.

ٹیموں کی شرکت اور کوالیفیکیشن:

ورلڈ کپ 2027 میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان میں سے 10 ٹیموں کی شرکت کا فیصلہ 30 ستمبر کی کوالیفکیشن کٹ آف ڈیٹ تک ہو جائے گا۔ میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے پہلے ہی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، جبکہ دیگر 8 ٹیمیں آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں اپنی پوزیشن کی بنیاد پر جگہ بنائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ 2027: ٹکٹ کیلئے درخواستیں 21 نومبر تک جمع ہوں گی،آئی سی سی

باقی 4 ٹیموں کا فیصلہ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے ذریعے ہوگا۔ ان ٹیموں کو شیڈول میں کوالیفائر 1، کوالیفائر 2، کوالیفائر 3 اور کوالیفائر 4 کے نام سے شامل کیا جائے گا۔

ٹیموں کی موجودہ پوزیشنز:

موجودہ صورتحال کے مطابق بھارت، نیوزی لینڈ، پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش رینکنگ کی بنیاد پر ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔ بھارت ون ڈے رینکنگ میں پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے، پاکستان چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، انگلینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں، افغانستان آٹھویں اور بنگلہ دیش نویں نمبر پر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش بھی رینکنگ کے ذریعے ورلڈ کپ میں جگہ بنا لے گا، کیونکہ جنوبی افریقا رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہونے کے باوجود میزبان ملک کی حیثیت سے پہلے ہی کوالیفائی کر چکا ہے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ یہ کوالیفائنگ ایونٹ اگلے سال کے آغاز میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔

بھارتی ٹیم کی پوزیشن:

ورلڈ کپ 2027 میں بھارت بھی خاص توجہ کا مرکز ہوگا۔ بھارت 2023 کے ورلڈ کپ میں اپنی تمام لیگ میچز جیت کر فائنل تک پہنچا تھا، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں آسٹریلیا نے اسے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔ بھارت اب آئندہ ورلڈ کپ میں 16 سال بعد ون ڈے عالمی چیمپئن بننے کی کوشش کرے گا۔