وادی لیپہ ( کشمیر ڈیجیٹل:رپورٹ صبور اعوان) وادی لیپہ کے عوامی نمائندوں اور مقامی عمائدین نے دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کے حالیہ اعلامیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کمیٹی میں شامل بعض عناصر ریاست مخالف سرگرمیوں کے ذریعے علاقے میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں اور مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
عوامی نمائندوں اور مقامی عمائدین نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت معاملات کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کیلئے مسلسل کوششیں کر رہی ہے اور اس سلسلے میں بارہا لچک کا مظاہرہ بھی کیا گیا تاہم دہشت گرد ایکشن کمیٹی میں موجود بعض عناصر سنجیدہ مذاکرات کے بجائے کشیدگی کو ہوا دینے کے خواہاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کھوئیرٹہ سے کالعدم ایکشن کمیٹی کا صفایا ، شہریوں کی بڑی تعداد کا لاتعلقی کا اعلان
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کا مقصد عوامی مطالبات کی منظوری نہیں بلکہ علاقے کا امن و امان خراب کرنا اور انتشار پھیلانا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے غازی شہزاد سمیت بعض افراد کے کردار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔
وادی لیپہ کے عوام نے مطالبہ کیا کہ اگر دہشت گرد ایکشن کمیٹی واقعی مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل چاہتی ہے تو اسے شرپسند عناصر سے لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے انہیں قانون کے مطابق کارروائی کیلئے متعلقہ اداروں کے حوالے کرنا چاہیے اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ کو مسلح جتھوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، سردار وجیہ الاسلام
مقامی عمائدین نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات کے بجائے انتشار اور تصادم کی راہ اختیار کی گئی اور مستقبل میں ریاست کی جانب سے کوئی اقدام اٹھایا گیا تو اس کی ذمہ داری ان عناصر اور دہشت گرد ایکشن کمیٹی کی قیادت پر عائد ہوگی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے دہشت گرد ایکشن کمیٹی کے خلاف فوری طور پر اقدامات کئے جائیں ۔




