احسن اقبال

2047 تک پاکستان کیا حاصل کرے گا؟ احسن اقبال نے 3 ہزار ارب ڈالر کا بڑا ہدف بتا دیا

بیجنگ( کشمیر ڈیجٹیل ) پاکستان نے آئندہ دو دہائیوں میں عالمی معاشی نقشے پر نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے بڑے اہداف مقرر کر لیے۔

اُڑان پاکستان منصوبے کے تحت 2035 تک ملکی معیشت کا حجم ایک ہزار ارب ڈالر جبکہ 2047 تک 3 ہزار ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف ہے۔

 وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے خلائی پروگرام میں شراکت داری اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :خلائی مشن صرف آغاز،اختتام نہیں، قوم کو اپنے ہیرو پر فخر ہے: احسن اقبال

بیجنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان بن گئے ہیں،جبکہ پاکستان آئندہ قمری مشن میں چاند پر روور بھیجنے کیلئے پُرامید ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن کا پہلا بین الاقوامی شراکت دار بن گیا ہے، پاک چین دوستی ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے بڑھ کر خلا تک پہنچ چکی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ دو برس کے دوران تقریباً 5 سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں، جبکہ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی کے خلائی تجربات سے موسمیاتی مشکلات کے خلاف مزاحمت کرنے والے بیجوں اور جدید صنعتی مواد کی تیاری میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں :اقوا م متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے راجہ احسن شمیم کون ہیں؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع، مؤثر نگرانی اور امدادی نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جس سے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اڑان پاکستان منصوبے کے تحت ملکی معیشت کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان 2035 تک ایک ہزار ارب ڈالر اور 2047 تک 3 ہزار ارب ڈالر کی معیشت بننے کے لیے کوشاں ہے۔