دوحا( کشمیر ڈیجٹیل ) دوحا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے، جواب میں پاکستان اے نے 233 رنز کا ہدف 45.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب کا آغاز اچھا نہ رہا، 20 رنز پر معاذ صداقت 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ ایک رن کے اضافے کے بعد شامل حسین بھی 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
تیسری وکٹ پر شاہ زیب خان اور حسن نواز نے 120 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا۔
یہ بھی پڑھیں :ایک صف میں نماز ادا،پاکستان اور بنگلہ دیش اے کے کھلاڑیوں نے مثال قائم کردی
حسن نواز 62 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، جبکہ شاہ زیب خان نے 50 رنز کی اننگز کھیلی، عبدالصمد نے 33 گیندوں پر 44 رنز بنا کر فتح کی راہ مزید ہموار کی۔
فرحان یوسف 46 اور روحیل نذیر 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔حسن نواز کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش اے کی بیٹنگ میں شہادت حسین نے ناقابل شکست 103 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ معیدالاسلام 42 اور ایس ایم محروب 28 رنز بنا سکے۔
یہ بھی پڑھیں :بال ٹیمپرنگ تنازع ،عثمان خواجہ نے کرکٹ آسٹریلیا کومعافی مانگنے کی تجویز دیدی
بنگلہ دیش کی جانب سے سیف حسن، محمود الحسن، عفیف حسین اور صابر رحمان بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں، علی رضا اور حسن نواز نے 2، 2 جبکہ احمد دانیال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسرے سیمی فائنل سے قبل سری لنکا اے نے پہلے سیمی فائنل میں بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
اب ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن معرکے میں پاکستان اے اور سری لنکا اے آمنے سامنے ہوں گے




