باغ  کو صاف ستھرا، خوبصورت اورپُرامن شہر بنائینگے ، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی

 باغ (کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر باغ سید ممتاز حسین کاظمی اور ایس ایس پی باغ خواجہ امیر الدین نے کہا ہے کہ باغ شہر کو غیر قانونی اڈوں، تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ، ٹریفک کے بے ہنگم نظام سے پاک کرکے صاف ستھرا، خوبصورت، پُرامن اور مثالی شہر بنائیں گے اور کسی کی من مانی نہیں چلنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہری نظم و ضبط کی بحالی اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ شہر میں قائم تمام غیر قانونی اڈوں کو مرحلہ وار شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:عوامی مسائل،تعلیم ،صحت سہولیات پر ہرگزسمجھوتہ نہیں کرینگے،ڈپٹی کمشنر باغ

 ان کا کہنا ہےکہ ٹرانسپورٹرز کو متبادل جگہ فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ان کے کاروباری معاملات بھی متاثر نہ ہوں۔ کسی کو بھی شہری نظم و ضبط خراب کرنے یا عوام  کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی باغ نے کہا کہ راولاکوٹ اور گردونواح سے آنے والی ٹریفک کا بڑا دباؤ اب باغ شہر پر منتقل ہو چکا ہے۔ بائیکیا، ٹیکسیاں، موٹر سائیکل رکشے اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے علاوہ خریداری کیلئے آنیوالے مرد و خواتین کی بڑی تعداد کے باعث شہر میں ٹریفک کا رش بڑھ گیا ہے،

انہوں نے کہا کہ سٹی میں ٹریفک دباؤ کی وجہ   سے شہریوں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ ان مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے مستقل حل کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ گزشتہ دنوں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران تاجروں کو ریڈ لائن کے نشانات لگا کر ان کی حدود متعین کر دی گئی ہیں۔ تمام دکانداروں اور تاجروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ حدود میں رہتے ہوئے خود تجاوزات ختم کریں اور اپنی دکانوں اور سامان کو نشان زدہ حدود تک محدود رکھیں تاکہ دوبارہ آپریشن کی ضرورت پیش نہ آئے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ وقت میں تجاوزات ختم نہ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز دوبارہ آپریشن کیا جائے گا، جبکہ بائی پاس روڈ پر قائم تجاوزات کے خلاف بھی جلد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی کمشنر باغ نے ہائی وے ایکٹ کی خلاف ورزی اور تجاوزات پر سخت ایکشن کا حکم دے دیا

انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے پل کے ساتھ ایک کازوے تعمیر کیا جا چکا ہے جبکہ مزید ایک کازوے کی تعمیر کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔ ان منصوبوں سے ٹریفک کو مختلف راستوں پر تقسیم کرنے اور ہیوی گاڑیوں کی آمدورفت کو سہل بنانے میں مدد ملے گی۔

انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ باغ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے، تجاوزات کے خاتمے اور شہری سہولیات کی بحالی کیلئے  کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔