مظفرآباد (کشمیر ڈیجٹیل) آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے کالعدم ایکشن کمیٹی سے مسلح جتھے ختم کرنے، غیر قانونی احتجاجی سرگرمیاں روکنے، شاہراہیں کھولنے اور تشدد میں ملوث افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سپیکر چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت اسمبلی اجلاس میں وزیر جنگلات وقار احمد نور، ڈپٹی سپیکر محمد احمد رضا قادری، وزراء اور ممبر اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل کی مشترکہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی، جسے کرنل (ر) وقار احمد نور نے ایوان میں پیش کیا۔
قرارداد میں کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح عناصر کی پرتشدد کارروائیوں، شاہراہوں کی بندش، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو متاثر کرنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور شہریوں کو محصور کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں آزاد کشمیراسمبلی :7 شرائط پرعملدرآمدورنہ کارروائی ہوگی، کالعدم ایکشن کمیٹی کوانتباہ
ایوان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 34 شہداء اور 248 زخمیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 10 جون کو نیلم اسٹیڈیم مظفرآباد میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز اور پاک فوج کے 21 اہلکاروں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
قرارداد میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت پر مذاکراتی عمل ناکام بنانے اور ریاست مخالف سرگرمیوں کی ذمہ داری عائد کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ دھرنے ختم، راستے بحال، غیر قانونی اسلحہ جمع اور شہریوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں :کالعدم ایکشن کمیٹی دھرنے ختم، مسلح جتھوں کو قانون کے حوالے کرے، قانون ساز اسمبلی میں قرارداد پیش، شہداء کو شاندار خراج عقیدت
ایوان نے واضح کیا کہ پُرامن احتجاج اور سیاسی اختلاف شہریوں کا آئینی حق ہے، تاہم تشدد، مسلح کارروائیوں اور قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
شرائط پر عمل درآمد کی صورت میں حکومت نے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی، جبکہ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا عندیہ دیا




