حکومت سازی

کالعدم ایکشن کمیٹی دھرنے ختم، مسلح جتھوں کو قانون کے حوالے کرے، قانون ساز اسمبلی میں قرارداد پیش، شہداء کو شاندار خراج عقیدت

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے جون 2026 سے جاری بدامنی، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور شہداء کی قربانیوں کے حوالے سے اہم مشترکہ قراردادیں پیش کی گئی ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر محمد رضا قادری، وزراء وقار احمد نور، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، حمیر رحیم، ثاقب مجید راجہ اور ایم ایل اے چوہدری محمد اسماعیل کی جانب سے مشترکہ قرارداد پیش کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ریاست مخالف مبینہ پروپیگنڈا،راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی  کیخلاف آوازیں بلند، سخت ایکشن کامطالبہ

قرارداد میں 4 جون 2026 کی قرارداد کی توثیق کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے موجودہ انتظامی ڈھانچے کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کے بنیادی آئینی و قانونی حقوق اور جمہوری اقدار کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

ایوان نے جون 2026 سے تاحال کالعدم کمیٹی سے وابستہ مسلح جتھوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 34 شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور 248 زخمی اہلکاروں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں مجموعی طور پر 282 اہلکار و افراد متاثر ہوئے، جن میں آزاد کشمیر پولیس کے 4اہلکار شہید اور 180 زخمی ہوئے۔

پنجاب پولیس کا 1 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوئے، فیڈرل کانسٹیبلری کے 2 اہلکار شہید اور 35 زخمی ہوئے، اسلام آباد پولیس کے 9 اہلکارزخمی ہوئے، انٹیلی جنس بیورو اور انتظامیہ کا ایک ایک اہلکار زخمی اور پی ڈبلیو ڈی کے 3 زخمی اہلکار شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پلندری،کالعدم ایکشن کمیٹی کی فائرنگ سے پولیس اہلکارارباب خانزادہ شہید، قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

 اسی طرح زمینی کارروائیوں میں پاک رینجرز کے 6 اہلکار شہید اور 13 زخمی ہوئے جبکہ 10 جون 2026 کو نیلم اسٹیڈیم مظفرآباد میں ٹیک آف کے دوران پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں پاکستان رینجرز کے 18 اور پاک آرمی کے 3 پائلٹس سمیت کل 21 افسران و اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

قرارداد میں کالعدم کمیٹی کے مسلح عناصر کی جانب سے شاہراہوں کی بندش، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر حملوں، اشیائے ضروریہ کی ترسیل روکنے، شہید پولیس اہلکاروں کی لاشوں کی بے حرمتی اور خواتین و بچوں کو انسانی ڈھال بنانے کی شدید مذمت کی گئی۔

 ایوان نے قرار دیا کہ حکومتِ پاکستان اور آزاد کشمیر حکومت نے سنگین اشتعال انگیزی کے باوجود غیر معمولی تحمل کا مظاہرہ کیا اور مذاکرات، آل پارٹیز کانفرنس، سپریم کورٹ ریفرنس اور ریفرنڈم تک کے جمہوری راستے پیش کیے، جنہیں کالعدم کمیٹی کی قیادت نے مسترد کر دیا۔

اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ کالعدم کمیٹی فوری طور پر دھرنے ختم کر کے شاہراہیں کھولے، محصور شہریوں کو گھروں کو واپس جانے دے، مسلح جتھے ختم کر کے اسلحہ و ملزمان کو قانون کے حوالے کرے اور ریاست مخالف بیانیے پر عوامی معافی مانگے۔

واضح کیا گیا کہ شرائط پر عمل درآمد کی صورت میں آئینِ 1974 کے دائرے میں مذاکرات کا راستہ کھولا جا سکتا ہے، بصورتِ دیگر حکومت شہریوں کے تحفظ اور ریاستی عمل داری کے لیے مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔

ایوان نے خطہ پونچھ کے محبِ وطن عوام اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:احتجاج کے نام پر شرپسندی قبول نہیں، راولاکوٹ کو کالعدم تنظیم کے جتھے سے پاک کیا جائے، شہری

علاوہ ازیں ایم ایل اے محمد مظہر سعید کی جانب سے پیش کردہ ایک اور قرارداد میں عقیدۂ ختمِ نبوت ﷺ پر غیر متزلزل ایمان کا اعادہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ 14 دسمبر 2021 اور ستمبر 2024 کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے ووٹر لسٹوں میں پاکستان کی طرز پر قادیانیوں/احمدیوں کا الگ اندراج کیا جائے۔

 مزید برآں پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی طرز پر قانون ساز اسمبلی کی نئی عمارت میں اسپیکر کی نشست کے عقب میں سورۃ الاحزاب کی آیت نمبر 40 اور حدیثِ ختمِ نبوت ﷺ کو خوبصورت خطاطی کے ساتھ فوری نصب کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔