آزادکشمیراسمبلی:7 شرائط پرعملدرآمد ورنہ کارروائی ہوگی، کالعدم ایکشن کمیٹی کو انتباہ

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) سپیکر اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیرصدارت آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں موجودہ سنگین صورتحال کے پیش نظر کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت سے فوری طور پر سات شرائط پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ایوان نے واضح کیا کہ اگر کمیٹی کی قیادت شرائط پر عملدرآمد، مسلح جتھوں کے خاتمے اور خود کو آئین و قانون کا پابند بنانے سے گریز کرتی ہے تو کارروائی ہوگی

مزید یہ بھی پڑھیں:اسمبلی اجلاس:مسلح گروہ ختم ،سنگین جرائم میں ملوث افراد قانون کے سپرد کئے جائیں،قرارداد منظور

حکومت ریاستی عملداری، امن عامہ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے ضروری اور مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔

اسمبلی نے کالعدم ایکشن کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ تمام دھرنے اور غیر قانونی احتجاجی سرگرمیاں فوری طور پر ختم کرکے شاہراہوں سمیت آمدورفت کے تمام راستے بلا رکاوٹ کھولے جائیں۔

خواتین، بچوں، بزرگوں اور دیگر عام شہریوں کو کسی دباؤ، رکاوٹ یا خوف کے بغیر اپنے گھروں کو واپس جانے اور معمولات زندگی بحال کرنے کی مکمل آزادی دی جائے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ سنگین جرائم اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا جائے تاکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے

جبکہ تمام مسلح جتھوں کا خاتمہ کرکے ان کے زیر استعمال غیر قانونی اسلحہ سمیت انہیں ریاستی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے پیش کیا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی دھرنے ختم، مسلح جتھوں کو قانون کے حوالے کرے، قانون ساز اسمبلی میں قرارداد پیش، شہداء کو شاندار خراج عقیدت

ایوان نے کالعدم ایکشن کمیٹی سے پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات کی اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری قبول کرنے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کے اظہار کا بھی مطالبہ کیا۔

شرائط میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاستی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور پاکستان و تحریک آزادی کشمیر کیخلاف اختیار کئے گئے ریاست مخالف بیانئے پر عوامی سطح پر معذرت کی جائے ۔

کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت آئندہ آئین و قانون کی پابندی اور پرامن طرز عمل اختیار کرنے کی غیر مبہم ضمانت فراہم کرے گی۔

کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت سے یہ عہد بھی طلب کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ کسی بھی قسم کی مسلح، پرتشدد یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوگی ۔

تمام سیاسی و عوامی مطالبات آئینی، قانونی اور جمہوری ذرائع سے پیش کرے گی۔

ایوان نے واضح کیا کہ مذکورہ اقدامات پر عملدرآمد کی صورت میں حکومت عبوری آئین 1974 اور متعلقہ قوانین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کالعدم کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کا راستہ دوبارہ کھولنے، عوامی مسائل حل کیلئے بامقصد سیاسی مکالمے کو آگے بڑھانے کیلئے تیار ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ سیاسی مسائل کا مستقل اور پائیدار حل تشدد اور تصادم میں نہیں بلکہ آئین، قانون اور باہمی احترام میں مضمر ہے،

جبکہ کسی بھی کارروائی کے دوران آئین، قانون، انسانی حقوق اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے تمام تقاضوں کو ملحوظ رکھا جائے گا۔